شیموگہ: شیموگہ سے منگلورو اورتیرتھ ہلی روڈ کے راستے میں نیومنڈلی اور 100 فٹ روڈ کے درمیان ایک نیم بورڈ نصب کرتے ہوئے منگلور، تیرتھ ہلی جانے والے مسافروں کوسہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔اس بات کا مطالبہ ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے سکریٹری محمد ظفراللہ اور مقامیوں کی جانب سے کیاگیا ہے۔ انہوں نےاس ضمن میں ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے شہر کے نیومنڈلی اور100 فٹ روڈ کے درمیان ایک نیم بورڈ نصب کیا جانا چاہئے۔ اسکی اہم وجہ یہ ہے کہ تیرتھ ہلی اورمنگلور جانے والے اس راستے پر باہر سے آنے والے مسافروں کو بہت ساری پریشانیاں پیش آتی ہیں ۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ مسافر راستہ پوچھنے کیلئے گاڑیاں یہاں روک دیتے ہیں ،جس کی وجہ سے اکثر ٹرافک جام لگ جاتا ہے۔ مشکل اس وقت پیدا ہوتی ہے جب اس راستے سے گذرنے والی ایمبولینس کو مجبوراً روکنا پڑتا ہے۔منی پال ، نارائن ہردالیا جیسے بڑے بڑے اسپتالوں کو جانے والے اس راستے میں اگرایمبولنس کو کسی طرح کی پریشانی ہوتی ہے تو اس سے مریضوں کی زندگی پر خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ ان سب سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اس جگہ ایک نیم بورڈ نصب کیا جائے جس سے نہ ہی مسافروں کو کوئی پریشانی ہوگی اورنہ ہی ایمبولنس کی نقل وحمل میں کوئی روکاوٹ پیش آئےگی۔
