دہلی:۔ملک میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22,775 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ ایک روز قبل متاثرہ افراد کی تعداد 16,764 تھی۔ گزشتہ روز کے مقابلے ملک میں کورونا کے کیسز میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں کورونا کے یومیہ کیسز میں اضافے کی وجہ سے ایک بار پھر ایکٹیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ایکٹیو کیسز ایک بار پھر ایک لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹو کیسز بڑھ کر 1,04,781 ہو گئے ہیں۔ملک میں ایکٹو کیسز کل کیسز کا ایک فیصد سے بھی کم ہیں، فی الحال یہ 0.30 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 98.32 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد گزشتہ کچھ دنوں میں متاثر ہ افرادسے کم ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 8 ہزار 949 افراد کورونا سے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 42 لاکھ 75 ہزار 312 ہو گئی ہے۔کورونا کے کیسز میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں ویکسی نیشن میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ملک گیر ویکسی نیشن مہم کے تحت ملک میں اب تک 145.16 کروڑ لوگوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ملک میں یومیہ مثبت شرح 2.05 ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیز ہفتہ وار ی مثبت شرح 1.10 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
