دہلی:۔ سردی بڑھنے اور کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر سنگھ نے یہ حکم 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کے نوجوانوں کے لیے ویکسی نیشن مہم شروع ہونے سے ایک دن پہلے جاری کیا۔ کلاس IX اور اس سے اوپر کو حکم کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے۔ سنگھ نے حکم نامے میں کہا کہ تمام نجی اور سرکاری اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک تدریسی سرگرمیاں 8 جنوری تک معطل رہیں گی۔ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح پٹنہ ضلع میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ ریاست میں گزشتہ ہفتے شہر میں کورونا اومیکرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ضلع مجسٹریٹ نے 790 پرائیویٹ اور سرکاری ہائی اسکولوں کے کلاس IX تا XII کے طلباء کو ٹیکے لگانے کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی تھی۔مغربی بنگال کی حکومت نے بھی کورونا کیسز اضافے کی وجہ سے پیر سے تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور دفاتر میں عملے کی حاضری کو 50 فیصد تک محدود کرنے کے احکامات کے ساتھ کورونا پابندیوں کو بھی دوبارہ نافذ کیا ہے۔ نیز ممبئی اور نئی دہلی سے بھی ہفتے میں صرف دو بار پروازوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ریاست میں 15 جنوری تک رات 10 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان صرف ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند رہیں گی۔ 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ صرف انتظامی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
