مردم شماری کی سرگرمیوں پر کورونا وبا کا اثر، مزید تاخیر ہوگی

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔وبائی مرض کا اثر مردم شماری کی سرگرمیوں پر بھی پڑاہے۔ فی الحال وبائی مرض کی وجہ سے مردم شماری کی سرگرمیاں ملتوی کر دی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کو مطلع کیا ہے کہ مردم شماری 2021 اور متعلقہ فیلڈ سرگرمیاں کووڈ-19 کی وجہ سے اگلے احکامات تک ملتوی کر دی گئی ہیں۔حکومت کے فیصلے کے مطابق رجسٹرار جنرل آف انڈیا (آر جی آئی) اور مردم شماری کمشنر وویک جوشی نے گزشتہ ماہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھ کر انتظامی حدود میں تبدیلی نہ کرنے کے لیے جون کے آخر تک تاریخ بڑھا دی ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اضلاع، قصبوں، دیہاتوں اور تحصیلوں کی حدود کو مردم شماری مہم، مکانات کی فہرست سازی کے مرحلے اور آبادی کی گنتی کے دوران تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے۔  آر جی آئی کے اس خط کا مطلب ہے کہ انتظامی دائرہ کار کی حدود 30 جون تک منجمد کر دی گئی ہیں۔ اس مشق کو پہلے 31 دسمبر 2020 سے بڑھا کر 21 دسمبر 2021 تک کر دیا گیا تھا۔