دہلی:۔ دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلیو) کی سربراہ سواتی مالیوال نے منگل کو راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو کو خط لکھ کر چائلڈ میرج ترمیمی بل 2021 پر غور کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ کیا ہے ۔مالیوال نے اپنے خط میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ 31 رکنی اسٹینڈنگ پارلیمانی کمیٹی میں صرف ایک خاتون رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے آدھے سے زیادہ خواتین ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ کیا۔مالیوال نے مطالبہ کیا کہ بل پر غور کرنے والی کمیٹی کی سربراہی خاتون کو کرنی چاہیے کیونکہ یہ موضوع کروڑوں خواتین کے مستقبل سے متعلق ہے۔ بل میں لڑکیوں کی شادی کی عمر 18 سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ موجودہ کمیٹی میں 30 مردوں میں صرف ایک خاتون ہے، یہ ایک حساس معاملہ ہے، جس سے کروڑوں خواتین کی زندگیاں متاثر ہوں گی، اس لیے اس کا فیصلہ ایک وسیع اور مشاورتی عمل کے ذریعے کرنا ہوگا ۔ لڑکیوں کی شادی کے خلاف موجودہ قوانین کو نافذ کرنے میں ایجنسیوں کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے مالیوال نے اس موضوع پر جامع مشاورت کا بھی مطالبہ کیا۔
