پارٹی میں بھگدڑ کے بیچ سی ایم یوگی کا ’دلت پریم‘ ،دلت کے گھر کاظہرانہ بھی کرلیا  

سلائیڈر نیشنل نیوز
 گورکھپور:۔یوپی کے موجودہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اقربا پروری کی سیاست کرنے والے سماجی انصاف کے حامی نہیں ہو سکتے۔یوگی نے اپنے مخصوص لہجے میں کہا کہ جن کے جینز کرپشن کا حصہ ہیں، وہ سماجی انصاف کی جنگ نہیں لڑ سکتے۔ یوگی کے دعویٰ کے مطابق بی جے پی نے سماجی ہم آہنگی اور انصاف کی جنگ لڑی ہے۔ سماجی انصاف یہ ہے کہ حکومت کی اسکیموں کا فائدہ ہر غریب، ہر طبقہ کے لوگوں کو ملے، ان کے ساتھ کوئی سماجی، معاشی امتیاز نہ ہو،اور یہ بی جے پی کا ’مول منتر‘ ہے۔واضح ہو کہ یوگی جمعہ کو گورکھپور کے جھونگیا گیٹ کے قریب ایک دلت کے گھر پر ظہرانہ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دلت بستی میں گڈ گورننس اور ترقی کا پیغام دینے اور اچھوت کے تصور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کو پورا کرنے آئے ہیں۔ مساوی معاشرے کا قیام، کرپشن سے پاک، جرائم سے پاک نظام گڈ گورننس کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں حکومت نے پی ایم مودی کی قیادت میں چلائی گئی فلاحی اسکیموں کا فائدہ ہر گاؤں، ہر غریب، ہر کسان، مزدور، عورت، نوجوانوں تک بلا تفریق پہنچایا ہے۔ آج اسی کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں 45 لاکھ غریبوں کو گھر ملے ہیں، 2.61 کروڑ غریبوں کے گھروں میں بیت الخلاء بنایاگیا ہے ۔ یوگی کے دعویٰ کے مطابق کسی بھی دلت بستی میں چلے جائیں، یہ ترقیات نظر آئیں گے ۔ یوگی کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ کرونا وبا کے دوران لوگوں کو مفت ڈبل راشن دیا جا رہا ہے، یہ ڈبل انجن حکومت کی جانب سے ریلیف کی ڈبل ڈوز ہے۔ سی ایم یوگی نے کہا کہ اگر سماج وادی پارٹی کی حکومت کو دیکھیں تو اس نے پانچ سالوں میں صرف 18 ہزار مکانات دیئے تھے۔ غریبوں کے گھروں پر قبضے کیے گئے، زمینوں پر قبضے کیے گئے۔ اگر یہ سماجی ہم آہنگی ہے تو میں اس کی شدید مخالفت کرتا ہوں۔