گرمی کا شباب اوررمضان کی آمد: تربوزے کی بڑی مانگ

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

شیموگہ:۔گرمی کی آمد ہوتے ہی عام طور پر لوگ راحت پانے کیلئے سایہ دار درخت، ٹھنڈہ پانی، ٹھنڈے پھل، ٹھنڈے مشروبات کی طرف دوڑنے لگتے ہیں ، لیکن تربوز یعنی کلنگڑا ایک ایسا قدرتی پھل ہے جو خاص طور پر گرمی کے موسم میں اور رمضان کے موقع پر اپنی ضرورت واہمیت کا احساس دلاتا ہے۔شہر کے این ٹی روڈ پر موجود محمد منصور جو قریب 25 سالوں سےتربوز( کلنگڑے) کا کاروبار کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے مہینے میں تربوز کم وبیش ہر افطار کی تھالی میں دکھائی دیتا ہے۔ اسکی اصل وجہ یہ ہے کہ یہ پھل صحت کیلئے مفید ہے دوسرے پھلوں کے مقابلوں میں معقول داموں میں دستیاب ہے اوراسکے نقصانات بالکل کم ہیں۔ میں کئی سالوں تک شیموگہ شہر کے گاندھی پارک کے پاس پھلوں کا کاروبار کیا کرتا تھا۔ وہاں پر بڑے پیمانے پر اس پھل کو خریدنے کیلئے لوگ آتے تھے۔ اب اسمارٹ سٹی کا منصوبہ شروع ہونے کے بعدوہاں سے جگہ کو منتقل کرتے ہوئے میں نے این ٹی روڈ پر اپنی دکان سجائی ہے یہاں پر کرناٹک کے علاوہ بیرونی ریاستوں سے بھی بڑے پیمانے پر تربوز دستیاب ہیں ۔ جو نہایت معقول قیمتوں پر فروخت کی جاتی ہیں۔ منصوربھائی کا کہنا ہے کہ انکے یہاں کے تربوزوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ معیاری فصلوں سے لائے گئے ہیں اور خاص کر رمضان کے مہینے میں کمائی کے ساتھ ساتھ ثواب بھی کمانا چاہتے ہیں اس لئے معیاری تربوز ہی فروخت کئے جاتے ہیں۔ این ٹی روڈ پر بھارت فونڈری کے بالمقابل پر موجود گاہکوں کی ہمیشہ ہی بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے۔