کورونا ویکسین کو مسلمان نظرانداز نہ کریں: مولانا سیدتنویر ہاشمی

اسٹیٹ نیوز ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نمایاں

بنگلور:۔جماعت اہل سنت کرناٹکا کے صدر مولانا سید تنویر ہاشمی نے کرونا ویکسین لینے کے بارے میں مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس میں وہ بالکل پیچھے نہ رہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا ویکسین ملک کے کروڑوں شہریوں کو دی جارہی ہے اور اس سے ان میں کوروناجیسی مہلک بیماری سے بچنے کے لیے قوت مدافعت بڑھنے کی امید کی جارہی ہے۔ اس ویکسین کوجب ملک کے دیگر برادران وطن لے رہے ہیں توپھر اس کو لے کر صرف مسلمانوں میں شکوک وشبہات کیوں؟ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کو کوونا وائرس سے بچنے کے لیے تیار کیے گئے ویکسین سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک کے عوام اگر بڑے پیمانے پر آگے بڑھ کر ویکسین لے رہے ہیں تو کیا یہ ویکسین غیر محفوظ ہوسکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اس ویکسین سے چند لوگوں کو ری ایکشن ہواہو، ان کو کرونا بیماری ہوئی بھی ہے تو ان میں سے بیشتر کو آکسیجن ،آئی سی یو یا وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں پڑی اور دو چار دن میں ہی معمولی دواؤں کے ساتھ یہ لوگ شفایاب ہوگئے ہوں۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ مسلمانوں کو اس ویکسین سے دور رکھنے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے میں ہمارے ہی کچھ لوگ آلہئ کار بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کو لے کر مسلمانوں میں جس طرح کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ بغیر ثبوت کے جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ان پر یقین نہ کریں بلکہ اس مہلک وباء سے بچنےکیلئےدیگر برادران وطن کے ساتھ ویکسین لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جو ویکسین تیار کی گئی ہے وہ عوام کے لیے ایک ہی ہے، ہندو یامسلمان کے لیے الگ الگ ویکسین نہیں بنی ہے۔ اس سلسلے میں ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ بھی مشورے ہوئے ہیں اور ان ڈاکٹروں نے اس ویکسین کو کرونا سے بچنے کے لیے مفید قرار دیا ہے۔ اب یکم مئی سے حکومت ہند کی طرف سے 18تا 44 / سال کے افراد کو بھی ویکسین دینے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے،اس موقع سے مسلمان بھی استفادہ کریں اور ویکسین لیں۔تمام علماء کرام، ائمہ مساجد، ذمہ داران مساجداور تمام قائدین اورنوجوان تنظیموں سے التماس ہیںکہ وہ ذمہ داری کے ساتھ کرونا ویکسین کیلئےبیداری مہم چلاتے ہوئے عملی جامہ پہنائیں۔ ذمہ دار مفتیان کرام نے رہنمائی کی ہے کہ حالت روزہ میں بھی کورونا ویکسین لی جاسکتی ہے۔