اسمارٹ سٹی کے کام کچھوے کی چال پر ہورہے ہیں : عام آدمی پارٹی 

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ: ا سمارٹ سٹی کے کاموں سے شیموگہ شہر دھول، مٹی، آلودگی، گردوغبارکا مرکز بنتا جارہا ہے۔ دھول مٹی کی وجہ سے عوام کی صحت پر مضر اثرات رونما ہورہے ہیں، فوری طور پر اس معاملے میں ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئے۔ اس بات کا مطالبہ عام آدمی پارٹی نے آج آلودگی کنٹرول بورڈ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کیا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ شیموگہ شہر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اوراسی مناسبت سے حکومت اور سرکاری محکموں کوچاہئے کہ وہ عوام کی بنیادی سہولیات کو فراہم کریں ۔ یہاں بلا ملاحظہ عوام سے ٹیکس کی وصولیابی تو کی جارہی ہے لیکن عوام کوپوری طرح غافل کردیا جارہا ہے۔ شہر بھر میں اسمارٹ سٹی کےنام پر دھول مٹی، گردوغبار پھیل چکا ہے۔شیموگہ شہر کو ترقی یافتہ بنانے کے دعوےکرکے اسمارٹ سٹی کا کام شروع توکردیا گیا ہے لیکن یہ کام کچھوے کی چال میں کیا جارہا ہےجس کی وجہ سے لوگوں کی صحت متاثرہورہی ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت اور حکام دونوں ہی عوام سے بالکل غافل ہوچکےہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ اتنا سب کچھ ہوجانے کے بعد بھی آلودگی کنٹرول بورڈا سمارٹ سٹی کے کام پر کوئی سوال نہیں اٹھارہا ہےاور نہ ہی ترقیاتی کاموں سے ہورہی آلودگی کو روکنے کی کوشش ہورہی ہے۔مظاہرین نے پرزور مانگ کی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ حکام اس معاملے میں مداخلت کریں اور شہر کو دھول مٹی سے پاک کرنے کے اقدامات اٹھائیں۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے ضلعی لیڈر منوہر گوڑا، ایس ایل دھننجئے ، سریش کوٹیکروغیرہ موجودتھے۔