بی جے پی لیڈر پروین نیٹارو کے قاتلوں کو سزا سخت دینے کا مطالبہ

ڈ سٹرکٹ نیوز

 

شیموگہ:۔جنوبی کنڑا ضلع میں بی جے پی کے نوجوان لیڈر پروین نیٹاروکے قتل کے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج شہر کے شیوپا نائک سرکل میں بی جے پی پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے برہمی وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کنڑ ضلع کےسولیابیلارے میں، ضلع بی جے پی یوتھ مورچہ کے رکن پروین نیٹارو کو شرپسندوں نے بے دردی سے مار ڈالا۔ بی جے پی لیڈر ایس این چنبسپانے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندو سماج کی حفاظت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کا قتل عام جاری ہےایسا لگ رہا ہے کہ ہندوؤں کی جانوں کی کوئی قیمت ہی نہیںہے۔ کچھ بری طاقتیں نہایت گندہ کھیل کھیل رہی ہیں۔ حکومت صرف ہندوؤں کی موت کا حساب رکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ہندو سماج صرف مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہی جمع ہورہے ہیں۔انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ تمام ہندوؤں کو تحفظ کی ضرورت ہے۔ ورنہ وہ وقت دور نہیں جب انہیں اپنی حفاظت خود کرنی پڑے گی۔ حکومتیں اس کو نظر انداز نہیں کرسکتی ہیں۔سابق ایم ایل سی ایم بی بھانو پرکاش نے کہا کہ ہندوستان میں تمام ہندوؤں اور مسلمانوں کو تحفظ کی ضرورت ہے۔ موجودہ ناکامی کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندو تنظیمیں حکومت کو خوش کرنے کیلئے وجود میں نہیں آئی ۔ کچھ ہندو تنظیمیں حکومت کا حصہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ضلع بی جے پی صدر ٹی ڈی میگھراج، بی جے پی شہری صدر جگدیش ، ایس۔ دتاتری، کانتیش، رمیش ، ضلع یوتھ مورچہ کے صدر ایم بی ہری کرشناوغیرہ اس موقع پر موجودتھے۔