حیدرآباد : تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر رائو یہاں ہوائی اڈہ پر وزیر اعظم مودی کی آمد کے دوران غیر حاضر رہے ۔ مودی گیارہویں صدی کے سنت شری رامانوجاچاریہ کی یاد میں اسٹیچو آف ایکولیٹی قوم کے نام وقف کرنے اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کی 50 ویں سالانہ تقریب کی شروعات کرنے کیلئے دوپہر یہاں پہنچے ہیں ۔گورنر تملی سائی سوندرراجن، مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اور تلنگانہ کے وزیر تلسانی شرینواس یادو ان وی آئی پی لوگوں میں شامل تھے ، جنہوں نے ہوائی اڈے پر وزیرا عظم مودی کا استقبال کیا ۔ راو کی آفیشیل رہائش گاہ پرگتی بھون کے ذرائع نے پی ٹی آئی ۔ بھاشا کو بتایا کہ وزیر اعلی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ، کیونکہ وہ بخار سے متاثر ہیں ۔حالانکہ وزیرا علی شام کو اسٹیچیو آف ایکولیٹی کو وقف کرنے کے پروگرام میں شامل ہوں گے ۔ وزیر اعلی دفتر ( سی ایم او) کے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ تلسانی شرینواس یادو کو آج دورے کے دوران وزیر اعظم کی آمد اور روانگی کے وقت ان کا استقبال کرنے اور رخصت کرنے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔وہیں دوسری طرف وزیر اعظم مودی نے ICRISAT کی 50 سالہ گولڈن جوبلی تقاریب کا افتتاح کیا۔ نیز پی ایم مودی نے ICRISAT کیمپس میں منعقد کی گئی نمائش کا بھی مشاہد ہ کیا ۔ یہاں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا، ICRISAT کے پاس زراعت کو آسان اور پائیدار بنانے میں دوسرے ممالک کی مدد کرنے میں 5 دہائیوں کا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ، میں امید کرتا ہوں کہ ICRISATہندوستان کے زرعی شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی مہارت فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 2070 تک Zero Carbonکا ہدف مقرر کیا ہے۔پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان نے ماحولیات کے لیے طرز زندگی کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا ہے اور پرو پلانیٹ پیپل موؤمنٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ یہ ایک ایسی تحریک ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے اور ہر فرد کو آب و ہوا سے جوڑتی ہے۔
