دہلی:۔سپریم کورٹ نے نیٹ-پی جی 23-2022 میں اقتصادی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیوایس) کیلئے 8 لاکھ روپے کی آمدنی کے معیار کے نفاذ کے بارے میں وضاحت مانگنے والی عرضی کو پیر کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اس کے علم میں ہے اور جو بھی فیصلہ کرے گا وہ لاگو ہوگا۔جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس سوریہ کانت نے کہاکہ ہم نے اگلے تعلیمی سال کے لیے ای ڈبلیو ایس کی اہلیت کے تعین کے عمل کو ملتوی نہیں کیا ہے، ہم نے کہا ہے کہ ای ڈبلیوایس کوٹہ ہمارے حکم کے مطابق ہوگا،ہم نے معاملہ مارچ میں نمٹانے کیلئے اپنے پاس رکھا ہے، عمل نہیں رکے گا، ہم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اس پر عمل کریں گے۔عدالت نے ورون دیپ بھائی بھٹ اور دیگر کی رٹ پٹیشن کی اجازت دی ہے لیکن اسے زیر التوا معاملے میں مداخلت کی درخواست دائر کرنے کی آزادی دی ہے۔سینئر ایڈوکیٹ اروند داتار نے طلبہ کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بارے میں وضاحت کی ضرورت ہے کہ آیا ای ڈبلیوایس اہلیت کا اطلاق کیا جا سکتا ہے۔
