منڈیا:۔ جماعت اہل سنت کرناٹکا کاایک موقر وفدحضرت مولانا سیدمحمد تنویر ہاشمی اور جماعت اہل سنت کے جنرل سکریٹری مفتی محمدعلی قاضی مصباحی کی قیادت میں جواں ہمت بہادر لڑکی مسکان خان کےگھر پر ان کے والد کے ساتھ ملاقات کی۔صدر جماعت نے بہادر مسکان کو قرآن مجید کاانگریزی ترجمہ اور دستور ہند کا ایک نسخہ پیش کیا۔ حالات حاضرہ کے تناظر میں حجاب کی عظمت ووقار کو برقراررکھنے کے لیے درجنوں شریر ملکی آئین مخالف اور امن دشمن فرقہ پرست افراد وعناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے تن تنہاجس جرأ ت وہمت کامظاہرہ کیااسے نہ صرف عالم اسلام بلکہ دنیاکے سارے امن پسند لوگوں نے سراہا۔ وقت اور حالات واضح اشارہ کررہے ہیں کہ ہرمسلم گھرمیں ایسی باہمت بیٹی پیداہو جو ملک وملت کاوقار بلند کرے۔ صدر جماعت اہل سنت نے پورے مسلمانان کرناٹکا کی جانب سے خصوصاًاور امن پسند برادران وطن کی جانب سے عموماً مسکان خان کو اور اس کے والدین کو تہنیت پیش کی اور اسے توجہ دلایا کہ وہ اپنی عصری تعلیم مکمل کرے، خصوصاً آئی اے ایس یاآئی پی ایس کی تعلیم حاصل کرے ۔وفد میں مولانا نیاز عالم قادری، مولانا حسان آمری ،مسجدخدادا بنشنکری کے صدر سمیع اللہ،عثمان شریف ،سکندر قادری، سید شبیر ،ڈاکٹرمسعود، ابراہیم وغیرہم موجودتھے۔ آخرمیں جماعت کے وفد نے مجاہدوطن شہید اعظم حضرت ٹیپوسلطان شہید رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ کی حاضری دی اوربارگاہ الٰہی میں پوری دنیا کیلئےعموماًاور عالم اسلام اور وطن عزیز میںخصوصاً امن وسلامتی کے لیے دعا کی۔
