ایمریٹس اشتہار میں برج خلیفہ کو ’مسخر‘ کرنے والی اسٹنٹ ویمن

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
دبئی:۔اشتہاری ایجنسیاں اپنے معاصرین پہ سبقت لے جانے کے لیے اچھوتے خیالات کی تلاش میں رہتی ہیں۔ بہت سی اشتہاری فلمیں ندرتِ خیال کے باعث لوگوں کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں مگر کوئی اشتہار ساری دنیا میں تہلکہ مچا دے ایسا کبھی کبھار ہی ہوتا ہے۔ دبئی کی فضائی کمپنی ایمرٹس ائیر لائنز کے حالیہ اشتہار نے مقبولیت کی جس بلندی کو چھوا ہے اسے ’’برج خلیفہ‘‘ کہتے ہیں۔جی ہاں! اس اچھوتے اشتہار میں ایک ماڈل ایمرٹس ائیر لائن کی فضائی میزبان کے لباس میں ایک پلے کارڈ اٹھائے کھڑی ہیں۔ پلے کارڈ پہ تحریر ہے’یو اے ای کی ایمبر فہرست میں شمولیت سے ہمیں دنیا کے بلند ترین مقام پہ پہنچنے کا احساس ملا ہے۔ ایمرٹس کیساتھ پرواز، بہتر پرواز۔کیمرہ ماڈل اور پلے کارڈ کو نزدیک سے دکھاتے ہوئے زوم آؤٹ کرتا ہے تو ناظرین دم بخود رہ جاتے ہیں کیونکہ وہ برج خلیفہ 828 کی میٹر فلک بوس چوٹی پہ کھڑی ہیں۔یہ اشتہار پرائم پروڈکشن نامی اشتہار ساز کمپنی نے بنایا ہے۔ ماڈل کی گفتگو سے معلوم ہوتا ہے کہ اشتہار کا بنیادی خیال ایمرٹس کا ہی تھا ،جسے عملی شکل دینے کے لیے اس کمپنی کی مدد لی گئی۔ اس اشتہار میں نظر آنے والی ماڈل کا نام نِکول سمِتھ لدوِک ہے۔نکول نے بتایا کہ ایمرٹس اسٹنٹ بلا شبہ وہی لمحہ ہے جس کے لیے میں نے برسوں محنت کی۔میں شاید اپنے ان محسوسات کو الفاظ میں بیان ہی نہ کر پاؤں جب میں برج خلیفہ کی بلندیاں طے کر رہی تھی۔ ہر قدم گویا میری زندگی بھر کی محنت اور یہاں تک پہنچنے کے سفر کا آئینہ دار تھا۔ محض پچیس برس کی عمر میں بیوگی کا دھچکا سہار کر اپنے راستے خود ترتیب دینے والی نکول کا کہنا ہے کہ برج کی سطح پر پاؤں رکھ کر انہوں نے ایک لمبی سانس لی اور خود سے مخاطب ہو کر کہاکہ نکول تم نے اپنا ہدف حاصل کر لیا۔انہیں کیسے چنا گیا؟ اس سوال کے جواب میں نکول کا کہنا تھا کہ ابتدا میں ایمرٹس اپنی ہی فضائی میزبان لڑکیوں میں سے کسی کو چننا چاہتی تھی۔ تاہم اس معاملے پہ غور کرنے کے بعد کمپنی نے یہ ذمہ داری پرائم پروڈکشنز کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔ پرائم پروڈکشن فلم پروڈکشن اور سٹنٹ مینجمنٹ کمپنی ہے۔ وہ اس کمپنی کے اشتہارات میں پہلے سے کام کر رہی ہیں اور بطوراسٹنٹ ویمن بھی کام کر چکی ہیں۔نکول سکائی ڈائیور ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر اسکائی ڈائیونگ کی تربیت بھی فراہم کرتی ہیں۔ لہٰذا اس کمپنی نے انہی سے رابطہ کیا اور انکی کچھ وڈیوز فضائی کمپنی کو دکھانے کے بعد انہیں چن لیا۔عالمی توجہ حاصل کر لینے والے اس اشتہار کے بارے میں نکول کہتی ہیں کہ اس طرح کی مہم جوئی کو اسکرین پر دیکھنا اور اس پہ رائے دینا مشکل نہیں، مگر اس بلندی پہ کھڑے ہونے سے پرے بھی بہت کچھ ہے جو اشتہار میں نظر نہیں آ سکتا، تاہم اس اشتہار نے انہیں گلوب پہ پاؤں جمانے کی وہ جگہ فراہم کر دی ہے جہاں کھڑے ہو کر وہ اپنے اپنے مقام پہ جدو جہد کرنے والوں کا حوصلہ بڑھا سکتی ہیں۔