شیموگہ وقف بورڈ ؛ چیرمین کا آناجانا ختم نہیں ہوا ؛ محمد شفیع اللہ پھر بنے وقف چیرمین

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ :۔ شیموگہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین کا پریڈ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہاہے ، دو سالوں میں شیموگہ ضلع وقف بورڈ کمیٹی کے چیرمین کی چار دفعہ تبدیلی ہوئی ہے جس میں دو ہی نام ادھر اُدھر ہورہے ہیں ۔ تازہ اطلاعات کے مطابق شیموگہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر عبد الغنی کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر کردہ مقدمہ منسوخ ہوچکا ہے اور نئے چیرمین کے طورپر محمد شفیع اللہ کو بحال رکھنے کے لئے کرناٹکا ہائی کورٹ نے منظوری دی ہے ۔ آج اس سلسلے میں کرناٹکا ہائی کورٹ نے احکامات جاری کرتے ہوئے عبدالغنی کی تقرری کو منسوخ کیا ہے ۔ بی جے پی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد عبدالغنی کو ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کا صدر بنایا گیا تھا اور 18 مہینوں کی میعاد مکمل ہونے پر انکی جگہ محمد شفیع اللہ کو صدر بننے کے لئے کرناٹکا وقف بورڈ نے احکامات جاری کئے تھے ، اس کے فوری بعد محمد شفیع اللہ نے چارج لیا تھالیکن انکی تقرری کے بعد عبدالغنی نے ہائی کورٹ سے رجو ع کرتے ہوئے اسٹے لاکر دوبارہ چیرمین کے عہدے پر براجمان ہوئے ۔ عبدالغنی کے عدالتی فیصلے کے بعد محمد شفیع اللہ نے بھی عدالت سے رجوع کیا جہاں پر عبدالغنی کی تقرری کو منسوخ کرتے ہوئے محمد شفیع اللہ کو چیرمین بنانے کے لئے ہائی کورٹ نے حکم دیاہے ۔ عدالت نے عبدالغنی کے مقدمے کے تعلق سے یہ کہاہے کہ انکی تقرری کی بحالی کے تعلق سے وہ خود فیصلہ نہیں لے سکتے بلکہ وقف بورڈ اور کرناٹکا حکومت کی جانب سے دوبارہ منظوری لینے کی ضرورت تھی جو کہ انہوںنے نہیں لی ہے ۔ آج کے عدالتی فیصلے کے بعد محمد شفیع اللہ دوبارہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر بن  گئے ہیں ۔ اس طرح سے شیموگہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی میں صدر کا آناجانا جاری ہے ، آج کے عدالتی فیصلے کے بعد ممکن ہے کہ یہ آناجانا میعاد مکمل ہونے تک ختم ہوجائیگا ۔ دریں اثناء اس بات کی بھی اطلاع ملی ہے کہ شیموگہ ضلع وقف افسر کے طورپر بھی نئے افسر کی تعیناتی ہوگی کیونکہ فی الوقت شیموگہ میں کاروار ضلع کے وقف افسر انچارج ہیں ۔