بنگلورو:۔اوقاف کی مقبوضہ املاک کو وقف بورڈ اپنی تحویل میں لینے کیلئے اقدامات اٹھائیگا۔اس بات کااظہار ریاستی وقف بورڈ کے صدر محمد شفیع سعدی نے کیاہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں وقف املاک سب سے زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ تیسرا مقام ر کھتا ہے ، ریاست میں ایک لاکھ75 ہزار ایکر زمین وقف املاک کی ہے ،اس میں سے75 ہزار ایکر زمین پر قبضہ ہے۔مقبوضہ املاک کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئےا قدامات اٹھائے جائینگے ،ساتھ میں مزیداملاک پر قبضہ نہ ہو اس کیلئے بھی قانونی کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے تعائون سے اوقافی املاک کا ڈرئوان سروے کیاجارہاہے تاکہ اوقافی املاک کوکوئی اور اپنی تحویل میں نہ لے۔وزیر اعظم کے جن وکاس منصوبے کے تحت75 کروڑ روپئے ریاستی وقف بورڈکو دستیاب ہوئے ہیں،اس میں سے سائوتھ کینراکے3 اوقافی اداروں کو25 کروڑ روپئے منظورکئے گئے ہیں ۔ ریاستی بجٹ میں وقف بورڈکیلئے377 کروڑ روپئے منطورکرنے کیلئے حکومت کو سفارش بھیجی گئی ہے،جو اوقافی ادارے خالی ہیں، انہیں ترقی دیکر کارآمد بنانے اور وقف بورڈ کی آمدنی میںا ضافہ کرنے کیلئے ہم نے منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حجاب کے مسئلے کو یکجہتی کے ذریعے حل کیا جاسکتاہے،حجاب کے نام پر مذہبی منافرت پھیلانے کی کوششیں بھی ہورہی ہیں،کچھ لوگ اسی مدعے کوبنیاد بنا کر شر پھیلانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ہم مختلف مذاہب کے مذہبی سربراہوں کے ساتھ اس سلسلے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔
