شیموگہ میں بھائی چارگی قائم کرنا اولین ترجیح ہے:جوائنٹ آیکشن کمیٹی; ہم امن چاہتے ہیں وہ شرپھیلارہے ہیں:شاہ الحمید؛فسادات کے درمیان پولیس ناکام ہوئی ہے : شہراز مجاہد صدیقی

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔شیموگہ میں بھائی چارگی قائم کرناہماری اولین ترجیح ہے،اس کیلئے تمام مذاہب کومل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،اس پیغام کو عام کرنے کیلئے شیموگہ جوائنٹ آیکشن کمیٹی کی طرف سے آج یہاں پریس کانفرنس کا اہتمام کیاگیاتھا،جس میں جوائنٹ آیکشن کمیٹی کے ترجمان مولانا شاہ الحمیدنے کہاکہ شہرمیں جو حالات پیدا ہوئےہیں اس کیلئے گندی سیاست ہی ذمہ دار ہے،ہرشاکی موت کا ہمیں بھی افسوس ہے،اس طرح کے واقعات اچھے نہیں ہیں،مگر ان واقعات کوہوا دینے کاکام سیاستدان کررہے ہیں،اگر سیاستدان انہیں مدعوں پر کام کرناچاہتے ہیں تو وہ استعفیٰ دیکر گھرمیں بیٹھ جائیں،ان کے بجائے سماج اورملک کی ترقی کیلئے کام کرنے والے اور بھی نوجوان ہیں،جو ایم ایل اے ایم پی بن کر کام کرینگے۔اس موقع پر اڈوکیٹ شہراز مجاہدصدیقی نے واقعہ کی مکمل عدالتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ہرشاکی موت اور ا سکے پیچھے جن لوگوں کا ہاتھ ہے اس کی تحقیقات کیلئے عدالتی جانچ کرنے کی ضرورت ہے،امتناعی احکامات جاری کئے جانے کے باوجود شہرمیں جلوس نکالا گیا ، پولیس کی موجودگی میں ہی توڑپھوڑ ہوئی ، گھروں میں گھسنے کی کوشش کی گئی۔چند شرپسند عناصر کی طرف سے ہونے والے اس قتل کی واردات کیلئے پورے مسلم سماج کو ذمہ دارٹھہرانا صحیح بات نہیں ہے او ر نہ ہی یہ کسی کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ اس واردات کی اطلاع پاتے ہی کے ایس ایشورپانے پہلی ہی رائے قائم کرتے ہوئے کہاکہ یہ کام مسلم غنڈوں کا ہے اور ہم انہیں نہیں چھوڑینگے۔اس طرح کے بیان کے بعد مزید کشیدہ ہوئے ہیں۔ہرشاکی موت کے بعد جو لوگ تعزیت دینے پہنچ رہے ہیں وہ تمام لوگ بھڑکائو بیانات دیکر اور بھی ماحول کو کشیدہ کررہے ہیں۔ماحول کو بہتر بنانے کی ذمہ داری جن لوگوں پرہے وہی لوگ اب ماحول کو بگاڑرہے ہیں،اس وقت سماج کو ایسے لوگوںسے دور رکھنے کی ضرورت ہے۔جوائنٹ آیکشن کمیٹی کے ترجمان ناصراحمدنے بات کرتے ہوئے کہاکہ اشتعال انگیزبیانات دینے والے اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ٹھوس قوانین بنانے کی ضرورت ہے اور انہیں یواے پی اے قانون کے مطابق قانونی کارروائی کرنےکی ضرورت ہے،اگر انہیں ایساہی چھوڑ دیاجائےتو دیش تباہی کی طرف جائیگا۔تیجسوی سوریا،نلین کمار کٹیل،چکراوتی سولی بلے جیسے لوگ یہاں آکر ماحول کا بہتربنانے کے بجائے مزید اشتعال انگیزی کررہے ہیں ۔پریس کانفرنس میں جوائنٹ آیکشن کمیٹی کے مفتی مجیب اللہ قاسمی،مولانا فضل الرحمان،کنوینیر کلیم پاشاہ کلیمہ، ایم ڈی شریف آصف، اعجازاحمد، نثار احمد ، ظفراللہ ستار خان ، عبدالمجیب، ریاض احمد،اڈوکیٹ محمدعارف وغیرہ موجودتھے۔