34 سلم علاقوں کے 5531 خاندانوں میں حق پتر تقسیم کئے جائینگے: ایشورپا

ڈ سٹرکٹ نیوز

شیموگہ: شیموگہ ودھان سبھا حلقے کے حدود میں پہلے ہی شناخت کئے گئے 34 سلم علاقوں کے 5531 خاندانوں میں حق پتر تقسیم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس بات کا اظہار وزیر برائے ضلعی نگران کار کے ایس ایشورپا نے کیا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہری بلدیاتی اداروں کے دائرہ اختیار میں آنے والی سرکاری ملکیت اراضی پر اعلان شدہ سلم علاقوںکے اہل خانہ کو ذاتی مکان کی ملکیت دینے کیلئے ریاستی حکومت نے پہلے ہی حق پتر دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔حق پتر کی تقسیم کے تعلق سے حکومت نے پہلے جاری کردہ قیمتوں میں کمی کردی ہے۔ جس کے مطابق میونسپل کائونسل اور ٹاؤن پنچایتوں کے دائرہ اختیار میں 1200 مربع فٹ کی محدود حد کے تحت 2 ہزار اور ایس سی، ایس ٹی اور معذوروں کیلئے 1ہزار روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ میونسپل کونسل کے حدود میں 600 مربع فٹ سے زیادہ ہونےپر 4000 روپئے اور ایس سی ، ایس ٹی اور پچھڑے طبقات اور معذوروں کیلئے 2 ہزار روپئےطئے کئے گئے ہیں۔ شیموگہ شہر میں اعلان کئے گئے کچی آبادی والے علاقوں میں رہنے والے 5531 خاندانوں میںجملہ 26732 مقامیوں اس منصوبے کا فائدہ پہنچےگا۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کی زمینات کو سلم بورڈ کو سونپتے ہوئے ایک ماہ کے اندر اندر حق پتر تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ضلع کے کچی آبادی کے رہائشیوں کا خواب حقیقت ہونے جارہا ہے۔ اسی طرح ضلع کے دیگر تعلقوں میں بھی اعلان کردہ سلم علاقوں کے 13943 خاندانوںکو بھی حق پتر دینے کی تیاریاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارااگلا اقدام نجی اراضی پر اعلان شدہ سلم آبادیوں میں رہنے والوں کو حق پتر جاری کرنا ہے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر کے بی شیوکمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔