شیموگہ:۔خواتین تمام شعبوں میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وہ ہمت اور خودداری کے ساتھ زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ان باتوں کا اظہار کارپوریشن میئر سونیتا انپا نے کیا ہے۔ انہوں نے آج ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، یوتھ امپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام” خواتین کے عالمی دن” کے موقع پرمنعقدہ تقریب میں ترنگے کے رنگوں والے غباروں کو فضاء میں اڑاتے ہوئےافتتاح کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے سماج میں یہ برائی ضرور ہوتی ہے کہ پیدائش سے ہی ہم لڑکا اورلڑکی میں امتیاز کرنا شروع کردیتے ہیں۔ جبکہ معاشرے کوچاہئے کہ وہ بچے کی نشوونما میں مرد اور عورت کی درجہ بندی نہ کریں اوردونوں کو ایک جیسی پرورش کریں۔ہم تمام کو مل کر معاشرے کا یہ رویہ بدلنا چاہیے۔ لڑکی کو اپنی تعلیم، انتخاب، آزادی اور اپنے فیصلوں سے خود کا دفاع کرنا چاہئے۔تب ہی کوئی بھی عورت کو حقیر نہیں سمجھے گا ۔ضلعی ڈپٹی خزانچی ساوتری ایچ ایس،نے کہا کہ لڑکیوں کو ہر مرحلے پر چیلنج کا سامنا کرناپڑتاہے۔ ان کا مقابلہ کرنےکیلئے خواتین کو جسمانی اور ذہنی طور پر خود کو خوش رکھنا ہوگا۔اجلاس میں شریک مہمان خصوصی شہرت یافتہ کی گلوکارہ سادوینی کوپہ نےکہا "گھر ہی ہمارا پہلا اسکول اور ماں ہی ہماری پہلی استاد ہیں”۔ اس سے ہمیں معاشرے میں خواتین کی اہمیت کا اندازہ لگ جاتا ہے۔ اسی طرح ہمیں اپنی خوبیوں کو پہچاننا چاہئے اور اس کیلئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں ملکی سطح پر کارنامہ انجام دینے والی کماری لتا اور کماری ایشوریا کو اسپورٹس کٹ دیتے ہوئے اعزاز سے نوازاگیا۔ اس موقع پرضلع معذور اور سینئرسٹیزن ویلفیئر آفیسر شلپا، یوتھ امپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم ٹی منجوناتھ سوامی سمیت کئی عہدیدار، کھلاڑیوں اور خواتین نے شرکت کی۔
