شیموگہ :۔میگان اسپتال میں زیر علاج کوویڈ مریضوں کے رشتہ داروں تک درست معلومات پہنچانے کا انتظام کرنے کا مطالبہ سابق رکن اسمبلی کےبی پرسننا کمار نے ڈپٹی کمشنر سے کیا ہے۔میگان اسپتال میںچند مسائل کے پیش نظر کوویڈ مریضوں کا معیاری علاج نہیں ہورہا ہے۔ لیکن کوویڈ مریضوں کے رشتہ داروں کو میگان اسپتال کے احاطے میںبیٹھے بیٹھے پریشان ہونا پڑرہا ہے۔ صرف شیموگہ ضلع سے ہی نہیں بلکہ بیرون اضلاع سے بھی کوویڈ مریض میگان اسپتال میںعلاج کیلئے لائے جارہے ہیں اورانکے ساتھ آنے والے رشتہ داروں کو گھنٹوں میگان اسپتال کے احاطے میںفکر میں ڈوبے ہوئے پریشان اور لاچار ہونا پڑرہا ہے۔ یہ لوگ گھنٹوں انتظار کرتے ہیں کہ انکے مریض اندر کیسے ہوں گے کسطرح کا علاج ہورہا ہے ، اندر کیا ہورہا ہے ان سب کے بارے میں کسی کو کچھ معلومات نہیں ہوتی ہے۔ ایسے میں یہ لوگ خوف سے بھرے ہوئے عالم میں دن رات مریضوں کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ سابق رکن اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اندر زیر علاج کوویڈ مریضوں کی معلومات باہر بیٹھے انکے رشتہ داروں تک پہنچانے کا کوئی مناسب انتظام کریں۔ اتنا ہی نہیں باہر احاطے میں مریضوں کے رشتہ داروں کو بنیادی سہولیات بھی نہیں مل رہی ہیں اسکا بھی کوئی انتظام کرنے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ مریضوںکے رشتہ داروں کوآنے جانے میں کوئی پریشانی نہ ہو اسکے لئے شناختی کارڈ کا انتظام کیا جانا چاہئے، تاکہ لاک ڈائون کے دوران انہیں اسپتال پہنچنے کیلئے کوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر کوویڈ مریضوں کے رشتہ داروں کو سہولیات پہنچانے اور انہیں تسلی بخش اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔
