دہلی:۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اومیکرن ویرینٹ سے انفیکشن کے کیسزگزشتہ لہروں کے مقابلے چھ گنا زیادہ تھے، لیکن ہندوستان اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا۔ جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کم ہوئی اور اموات پہلے کی بہ نسبت کم ہوئیں۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ 15 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ میں اوسطاً 3,536 کیس رپورٹ ہوئے۔ انفیکشن کے عالمی کیسز میں ہندوستان سے صرف 0.21 فیصد تھے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں اب بھی کیسز بڑھ رہے ہیں جو کہ گزشتہ لہروں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔وزارت صحت کے ایک اہلکار نے کہاکہ نہ صرف ہندوستان میں کورونا کیسز کم ہوئے ہیں، بلکہ مسلسل کوششوں کی وجہ سے بہت جلد کیسز میں کمی آنے لگی ۔ ہندوستان نے دوسرے ممالک کے مقابلے میں اومیکرون سے بہتر طریقے روکنے میں کامیاب رہا ،عہدیداروں نے کہا کہ ہندوستان میں تیز رفتار ویکسی نیشن مہم کے ساتھ ساتھ مؤثر روک تھام کے اقدامات اور کیسز کاجلد پتہ لگانے کی وجہ سے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کم تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر 2021 تک ہندوستان میں 90.8 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک اور 65.4 فیصد کو دوسری خوراک دی جاچکی تھی۔ہندوستان نے ویکسین کی 180 کروڑ سے زیادہ خوراکیں دی ہیں جو کہ امریکہ سے 3.2 گنا زیادہ اور فرانس سے 12.7 گنا زیادہ ہیں۔
