میسورو:۔ ریاست میں پیر سے شروع ہونے والے ایس ایس ایل سی امتحان 2022 کے دوران میسور ضلع کے ٹی نرسی پور میں ایک لڑکی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ وہ ایس ایس ایل سی کا امتحان لکھ رہی تھی۔بتایا جاتا ہے کہ امتحان دینے آئی 16 سالہ لڑکی لکھتے ہوئے نیچے گر گئی۔ لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔لڑکی کی شناخت انوشری کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع کے ٹی نرسی پور تعلقہ کے اکورو کی رہنے والی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طالبہ مادا پور ہائی اسکول میں پڑھتی تھی اور ودیودیا امتحانی مرکز میں امتحان دے رہی تھی۔ اساتذہ نے طالبہ کوفوری طور پر اسپتال لے جانے کے انتظامات کیے لیکن بچی کو مردہ قرار دے دیا گیا۔طالبہ انوشری کے اہل خانہ نے اس کی موت پر تبصرہ کرنے سے انکار کیاہے اور کہاکہ رپورٹ آنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔
