شیموگہ:۔شیموگہ ضلع میں آج دو الگ الگ بھیانک سڑک حادثوں میں مجموعی طور پر چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ پہلا حادثہ صبح سویرےشیموگہ تعلقہ کے گوندھی چٹنللی گاؤں کے قریب پیش آیا جبکہ دوسرا شکاری پور تعلقہ کے سنڑکوپا گاؤں کے پاس ہوا۔گوندھی چٹنللی کے قریب شیموگہ سے ہونالی کی طرف جا رہی اشوک لیلینڈ مال گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں گاڑی میں سوار تین افراد اسد اللہ(50)جو داونگیرے ضلع کے چنگیری کےساکن اور اتر پردیش کے دو مزدور صادق(30)اورفیروز(22)موقع پر ہلاک ہو گئے۔دوسرے حادثے میں شرالکوپہ کے قریب سنڑکوپا کے پاس راگی کوپا تانڈا کے دو نوجوان پونیت(22)اورراجیو ہوری میلہ دیکھ کر بائیک پر واپس گھر جا رہے تھے کہ ایک لاری نے ان کی بائیک کو زور دار ٹکر مار دی۔ پونیت موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ راجیو شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر شیموگہ کی اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیاگیاہے۔ لاری ڈرائیور گاڑی روکے بغیر فرار ہو گیا۔پولیس نے دونوں مقامات کا معائنہ کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
