روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف این ایس یوآئی کا منفرد احتجاج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔اشیائے ضروری کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے میں ناکام مرکزی حکومت کو برخواست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے این ایس یوآئی کے کارکنوں نے آج شہر کے مہاویر سرکل میں اسکوٹر کا جنازہ نکالتے ہوئےمنفرد طریقے سے احتجاج کیاہے۔مظاہرین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جو پٹرول اور ڈیزل سمیت اشیائے ضروری کی قیمتیں بے قابو ہوتی جارہی ہیں۔ بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام مرکزی حکومت کو فوری برخاست کیا جانا چاہئے۔ این ڈی اے کی قیادت میںاقتدار میں آنے کے بعد سے اشیائے ضروری کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود بھی مرکزی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے کے بجائے اسے من مطابق اضافہ کرتی جارہی ہے۔مرکزی حکومت کی غیر مناسب معاشی پالیسوں سے ملک کا معاشی نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ عوام کیلئے روزی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔کوویڈ کی وجہ سے پہلے ہی عوام پریشان ہے اس پر روزبروز ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ کی زندگی مصائب کا شکار ہورہی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ پانچ ریاستوں میں انتخابات کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے والی مرکزی حکومت نے اب یوکرین اور روس کی جنگ کے نام پرایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔مرکزی حکومت کو قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور عوام کی زندگی کو بہتر بنانا تھالیکن وہ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے ۔این ایس یوآئی نے عوام دشمن مرکزی حکومت کو فوری طور پر برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج میںاین ایس یو آئی کے ضلعی صدر وجے، سٹی صدر چرن، دیہی صدر ہرشت، روی اور یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری شیوکمار، اقلیتی کانگریس سٹی صدر محمد نہال وغیرہ موجودتھے۔