مسلمان رمضان کے دوران تمام طبقات کو تجارت کا موقع فراہم کریں:مسلم کانگریس قائدین 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ ریاست کے سینئرمسلم کانگریسی نمائندوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اگر ریاست میں مساجد کے قریب لوگ تجارت کرناچاہیں تومذہب کی بنیاد پر ان کے ساتھ کوئی سخت رویہ نہ برتیں بلکہ تمام کو سکون واطمینان کے ساتھ تجارت کرنے کا موقع فراہم کریں اوراسلامی پیغام رواداری کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست میں نفرت کا جوزہر گھولنے کی کوشش چند شرپسندوں کی طرف سے کی جارہی ہے اس کا جواب فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو عام کرکے دیں۔ رکن اسمبلی این اے حارث ، رکن کونسل نصیر احمداورکے پی سی سی اقلیتی شعبے کے چیرمین عبدالجبار نے اس سلسلہ میں منگل کے روز میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہندوئوں کے مندروں میں ہونے والے سالانہ جاترا کے دوران مسلم تاجروں کے تجارت کرنے سے روکنے سے متعلق بعض ہندوشدت پسند تنظیموں کی طرف سے جواعلانات کئے گئے ہیں۔ ان کے خلاف مسلمانوں کو جذباتی ردعمل سے گریز کرناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران مسلمانوں کی طرف سے غیر مسلموں کےساتھ تجارت نہ کرنے سے متعلق سوشیل میڈیا اوردیگرذرائع سے چند پیغامات وائرل ہورہے ہیں۔ دراصل اس طرح کے پیغامات وہی عناصر عام کررہے ہیں جوچاہتے ہیں کہ ریاست میں نفرت کے ماحول کو اورزیادہ بڑھاواملے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی طرف سے اگرماہ رمضان کے دوران تمام طبقات کے لوگوں کو تجارت کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تو اس سے رواداری کے ماحول کو عام کرنے میں کافی مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستوں کی طرف سے ریاست میں ہردن ایک نیا مسئلہ کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوربدقسمتی اس بات کی ہے کہ حکومت نفرت پھیلا کر سماج میں بدامنی عام کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ان کے ساتھ کھڑےہونے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل سلجھانے کے اصل کام سے غافل ہوکر حکومت اپنے سیاسی فائدہ کیلئے قوموں کے درمیان نفرت کی کھائی بنانے میںلگی ہوئی ہے۔ یہ ملک اورریاست کی ترقی اورامن وامان کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے ۔ اس کا جواب صرف حکمت ودانشمندی سے دیا جاسکتا ہے جذباتی ہوکر نہیں۔