رتن ٹاٹا کو بھارت رتن دینے کی درخواست پرہائی کورٹ کا سماعت سے انکار

نیشنل نیوز

دہلی:۔ دہلی ہائی کورٹ نےاس پی آئی ایل پر غور کرنے سے انکار کر دیا جس میں مرکز کو نامور صنعت کار رتن ٹاٹا کو ’بھارت رتن‘ سے نوازنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔قائم مقام چیف جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس نوین چاولہ کی بنچ نے کہا کہ یہ عدالت کا کام نہیں ہے کہ وہ اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازنے کیلئے حکام کو ہدایات جاری کرے۔بنچ نے کہاکہ یہ کیسی عرضی ہے؟ کیا یہ عدالت کا کام ہے کہ وہ حکومت کو کسی کو بھارت رتن دینے کی ہدایت دے؟۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت سے کم از کم ایک درخواست کرے۔اس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ جاؤ درخواست کرو۔ اس میں عدالت کی مداخلت کا سوال ہی کہاں ہے؟۔عدالت کی اس اپیل پر کہ وہ جرمانے کے ساتھ درخواست خارج کر دے گی، درخواست گزار کے وکیل نے اسے واپس لے لیا۔