شیموگہ:۔یہاں کے بھدراوتی تعلقہ کے کوڈلی سنگم کےسنگھا میشورمندرکے تہوارکے مدِ نظر منعقدہ جترا(میلہ)میں مسلمانوں کی دکانوں کو ممنوع قراردیاگیاتھا،جس کے بعد یہاں مسلمانوں نے اپنی دکانیں نہیں کھولی تھیں۔کرناٹکا مجرائی محکمے کے قانون کے مطابق دکانیں رکھنے کا موقع نہیں دیاگیاتھا ،لیکن اس میلے کو آنے والے معتقدین کی سواریوں کی پارکنگ کیلئے مسلمانوں نے جگہ فراہم کی ہے۔شیموگہ ضلع کے مختلف مقامات پر پچھلے کچھ دنوں سے چل رہے تہواروں میں فرقہ واریت عروج پر ہے اورسنگھ پریوارکی جانب سے مسلسل یہ کوششیں ہورہی ہیں کہ مسلمان ان کے مندروں کے اطراف واکناف اپنی دکانیں لگانے اور کاروبارکرنے سے گریز کریں۔دوسری جانب سنگھ پریوارکو اس طرح کے واقعات سے شرمندگی کاسامنا بھی کرنا پڑرہاہے۔بیلور،بنگلورو کے علاوہ بعض مقامات پر خود ہندوئوں نے سنگھ پریوارکی ان سازشوں کوناکام کرنے کیلئے پہل کی ہے۔کوڈلی میں مسلمانوں کی طرف سے پارکنگ کیلئے جگہ دئیے جانے پر سوشیل میڈیا میں خوب سراہاجارہاہے۔
