بنگلورو:۔ بنگلورو کی ایک خصوصی عدالت نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے خلاف زمین سے متعلق معاملے میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سے متعلق ہے جب یدی یورپا2006-07 میں بی جے پی-جنتا دل (ایس) مخلوط حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ تھے۔ یہ حکم ایم پی-ایم ایل اے سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت نے جاری کیا ہے۔خصوصی عدالت کے جج بی جینت کمار نے یہ حکم واسودیو ریڈی کی ذاتی شکایت کی بنیاد پر جاری کیا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزم نمبر 2 یعنی بی ایس یدی یورپا کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 13(1)(d) r-w سیکشن 13(2) کے تحت قابل سزا جرم کے لیے ایک خصوصی فوجداری مقدمہ درج کیا جائے۔واسودیو ریڈی نے یہ عرضی 2013 میں داخل کی تھی۔ یدی یورپا اس میں دوسرے ملزم ہیں۔ اس معاملے میں اس وقت کے وزیر صنعت آر وی دیشپانڈے کو ملزم نمبر ایک بنایا گیا تھا۔ لیکن یدی یورپا اب اس معاملے میں واحد ملزم ہیں، کیونکہ دیش پانڈے کے خلاف مقدمہ ہائی کورٹ نے 2015 میں خارج کر دیا تھا۔شکایت کنندہ کے مطابق، کرناٹک انڈسٹریل ایریا ڈیولپمنٹ ایکٹ کے تحت، ریاستی حکومت نے انفارمیشن ٹکنالوجی پارک کے قیام کے لیے بیلندور، دیورابیسناہلی، کریامانا اگرہارا اور امانی بیلندور خانہ میں 434 ایکڑ اراضی حاصل کی تھی۔خصوصی عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ یدی یورپا کے خلاف پہلی نظر میں مقدمہ بنایا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ گواہوں کی فہرست داخل کرنے کے بعد ہی ملزم نمبر دو یعنی یدی یورپا کو سمن جاری کریں۔یدی یورپا کو بدعنوانی کی وجہ سے سی ایم کے عہدے سے استعفی دینا پڑا-یدی یورپا جو کبھی سرکاری کلرک رہ چکے ہیں، کو بدعنوانی کی وجہ سے 2011 میں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ تاہم 2016 میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا۔ وہ دوبارہ وزیراعلیٰ بن گئے۔ لیکن بی جے پی ہائی کمان کے دباؤ کی وجہ سے انہیں دوبارہ استعفیٰ دینا پڑا۔ اب بسواراج بومائی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
