کیندریہ ودیالیہ میں داخلہ سے متعلق 17 زمروں کے کوٹے پر لگی عارضی پابندی

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔ کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن (کے وی ایس) نے اس کے تحت اسکولوں میں داخلے کے سلسلے میں اراکین پارلیمنٹ سمیت تمام 17 زمروں کے کوٹے پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔تنظیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کوٹہ سے متعلق موضوع کا اگلے ہفتے جائزہ لیا جائے گا۔ اس معاملے میں کچھ وقت کے لیے عارضی پابندی کی درخواست کی گئی ہے۔یہ ایک عارضی ہدایت ہے اور کیندریہ ودیالیہ میں داخلے سے متعلق تمام 17 زمروں کے کوٹے سے متعلق ہے۔ اسکولوں میں داخلوں کا عمل جاری ہے، ایسی صورتحال میں اسے (کوٹہ) اگلے احکامات تک روکنے کا کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حکم جاری کیا جائے گا۔ماناجارہا ہے کہ جائزہ لینے کے بعد اس معاملے کو کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن سے منسلک بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے رکھا جائے گا۔ اس میں حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ کون سا کوٹہ جاری رکھا جائے اور کس کو ختم کیا جائے۔ذرائع کے مطابق جن موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا ان میں ضلع مجسٹریٹس کا کوٹہ، کیندریہ ودیالیہ کے کارکنان، پہلا بچہ بچی ہونا، ارکان پارلیمنٹ وغیرہ شامل ہیں۔اس سے پہلے وزیر تعلیم نے گزشتہ سال کیندریہ ودیالیوں میں داخلہ کا اپنا کوٹہ بھی ختم کر دیا تھا۔ہر رکن اسمبلی کو اپنے حلقے میں واقع کیندریہ ودیالیہ میں داخلے کیلئے 10 نشستوں کا کوٹہ ملتا ہے، جس میں اس کی سفارش پر علاقے کا کوئی بھی طالب علم ان اسکولوں میں داخلہ لے سکتا ہے۔