شیموگہ : حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کام کر رہے سرکاری ملازمین کے مفادات کا خیال رکھنے کیلئے حکومت ہمیشہ سے ہی پرعزم ہے۔اس بات کا اظہار وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے کیا ہے۔ انہوں نے آج ضلع انتظامیہ اور کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز یونین شیموگہ کے اشتراک سےشہر کےگیسٹ ہائوس میں منعقدہ ریاستی سرکاری ملازمین کے دن اور بہترین خدمات ایوارڈ کی تقریب کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہمارے ریاست کے سرکاری ملازمین کو قابل افسر کے طور پر سراہا جاتا ہے اور یہ کئی دہائیوں سے خدمات انجام دینے والے سینئرسرکاری افسران/ملازمین کی کوششوں کی وجہ سے ہے۔ میں اس وقت انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس وراثت کو جاری رکھنا آپ کا فرض اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ انتظامیہ چلانے کیلئے بہت ضروری ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری کو واضح طور پر سمجھیں گے اور ہمارا فرض ادا کریںگے۔ حکمران الگ ہیں اور حکمرانی کرنا الگ بات ہے۔ اس لیے ہمیں دونوں میں فرق کرنا ہوگا۔ اگر ہم اپنا کردار ادا کریں گے تو ترقی کے پھل پوری ریاست کے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ایک پیون سے لے کر افسر تک عوام کیلئے ہی اپنے اختیارات کااستعمال کرنا چاہئے۔ ، ہمیں معاشرے کے آخری سے آخری فرد کی بھی فکر کرنا ہوگا اورانکے مفادات کے بارے میں سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی سدھار کے دوسرے کمیشن میں بہت ساری ترمیمات پر کارروائی کی گئی ہے ۔ ہمیں سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اب ہماری سوچ اور کام کے طریقوں کو بدلنا ہوگا۔ گرام پنچایت سے لیکر ودھان سبھا تک جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا نظام لایا گیا ہے۔ مقررہ وقت کے اندرکاموں کو نپٹانے سے عوام کیلئے آپ کی فکراور ذمہ داریوں کو ظاہرکرتی ہے۔اجلاس میں وزیر داخلہ ارگا گیانیندر، وزیر برائےاعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹکنالوجی، بی ٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر اشوتھ نارائن، سابق نائب وزیر اعلیٰ اور ایم ایل اے لکشمن سودی، ایم اے ڈی بی کے صدر گرومورتی،کاڈاصدر پویترا رامیا،میئر سونیتا انپا، ڈپٹی کمشنرڈاکٹرسیلوامنی، ضلع پنچایت سی ای او ویشالی، گورنمنٹ ایمپلائز یونین ضلع اور تعلقہ سطح کے افسران موجود تھے۔
