کانگریس میں پرشانت کشورکی شمولیت تقریباً طے

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور کے کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں جلد ہی ختم ہو سکتی ہیں۔ خبر ہے کہ وہ جلد ہی کانگریس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ یہی نہیں کہا جا رہا ہے کہ پارٹی نے ان کے لیے ذمہ داری بھی طے کر دی ہے۔ پچھلے چند ہفتوں میں کشور نے کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کے ساتھ بیک ٹوبیک ملاقاتیں کی ہیں۔ اس دوران 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو لے کر بھی بحث ہوئی ہے۔ کانگریس کے ایک اعلیٰ ذرائع نے بتایاہے کہ پرشانت کشورکی کانگریس میں شامل ہونے کی کوششیں اس بار کامیابی کے دہانے پر ہیں۔ وہ جلد ہی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پارٹی نے ان کے لیے اہم کردار کا تقریباً فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی راہل گاندھی کے ساتھ مشاورت کے بعدان کے کردار کا خاکہ بنائیں گی۔یہاں پرشانت کشور کی تجویز پر بات کرنے کے لیے سونیا گاندھی کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک خصوصی ٹیم چاہتی ہے کہ پرشانت کشورپوری طرح سے کانگریس کے لیے وقف رہیں اور دوسری پارٹیوں سے تعلقات توڑ دیں۔ اس سے قبل پرشانت کشور نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حکمراں ترنمول کانگریس کے ساتھ کام کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق پارٹی کے بہت سے لیڈروں کا ماننا ہے کہ پرشانت کشور قومی سطح پر کردار چاہتے ہیں اور کسی ایک پارٹی سے بندھنا نہیں چاہتے ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈردگ وجے سنگھ انتخابی حکمت عملی بنانے والوں کو پارٹی میں شامل کرنے اور انہیں تبدیلیاں کرنے کے مواقع دینے کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پرشانت کشور کاسفر ایک پارٹی سے دوسری پارٹی کا رہا ہے۔لہٰذا اس قسم کی سیاسی وابستگی یا نظریہ سے وابستگی واضح نہیں تھی۔دگ وجے سنگھ نے کہاہے کہ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘لیکن اب وہ کچھ مضبوط تجاویز لے کر سامنے آئے ہیں اور انھوں نے جو پریزنٹیشن دی ہے وہ اچھی ہے۔پرشانت کشور نے گزشتہ سال پارٹی کے سامنے پہلی پیشکش دی تھی۔ ساتھ ہی موجودہ منصوبے کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پرشانت کشورنے کانگریس کے بڑے لیڈروں کے سامنے ایک پریزنٹیشن دیا ہے۔