بنگلورو:۔کرناٹک میں کوویڈ4 کی لہرکے امکانات کو دیکھتے ہوئے ریاست میں پھر ایک مرتبہ ماسک کا پہننا لازم قرار دیاگیاہے،وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کی صدارت میں آج کوویڈ ٹاسک فورس کی جائزہ نشست میں یہ فیصلہ لیاگیاہے اور اس سلسلے میں جلدہی گائڈ لائنس جاری کرنے کے امکانات ہیں۔اس بات کا اظہار ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے کیاہے۔ملک میں کوویڈ پازیٹیو کیسس میں ہورہے اچانک اضافے کے پس منظرمیں وزیراعلیٰ بسوراج بومئی کی قیادت میں ہوئی نشست کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اب ماسک کو لازم قرار دیاگیاہے،فی الوقت ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ لگانے کے تعلق سے فیصلہ نہیں لیاگیاہے،اس کیلئے ضوابط جلد بنائے جائینگے،البتہ لوگ سوشیل ڈسٹنس پر عمل کریں ۔ مزید انہوں نے کہاکہ ویکسی نیشن کیلئےدوبارہ مہم چلائی جائیگی،اب تک جو لوگ ویکسین نہیں کروائے ہیں اُن کو یہ مسئلہ زیادہ ہورہاہے،اس لئے چوتھی لہر آنے تک انتظار نہ کیاجائے،ہر ایک شہری ویکسین کروائے۔ جنہوں نے دونوں ویکسین کروائے ہیں وہ بوسٹر ویکسین کیلئے آگے آئیں۔فی الوقت بنگلورومیں کوویڈ معاملات کی شرح میں اضافہ ہواہے،9.1 فیصد پازیٹیویٹی درج کی گئی ہے۔
