ممبئی:۔مہاراشٹرا میں ہنومان چالیساکا تنازعہ تھمتا ہوانظرنہیں آ رہا ہے۔ بی جے پی کے تیکھے رویے کے بعد اب ریاست کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے سخت مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ اگر آپ ہنومان چالیسا پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر آکر پڑھیں۔ ایسا کرنے کا ایک طریقہ ہے، لیکن داداگیری نہ کریں۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کو بابا صاحب نے سکھایا ہے کہ داداگیری کو کیسے توڑا جاتا ہے۔سی ایم ادھونے کہاہے کہ ہم غنڈاگردی والے ہندوتوا کی پیروی نہیں کرتے ہیں بلکہ اصل ہندوتوا کی پیروی کرتے ہیں۔ جلدمیٹنگ کروں گاجہاں سب کی خبرلی جائے گی۔ یہ کمزور ہندوتوادی آئے ہیں۔ یہ جعلی نئے ہندوتواوادی ہیں۔ ان کے درمیان یہ مقابلہ چل رہا ہے کہ اس کی قمیص مجھ سے اچھی کیسے ہے؟ کچھ لوگوں کے پیٹ میں تیزابیت ہوتی ہے۔ ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔ بغیر کام کے ڈھول بجانا ان کا کام ہے۔ میں ان کو اہمیت نہیں دیتا۔ آزاد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر روی رانا نے جمعہ کو ادھو ٹھاکرے کے گھر ‘ماتوشری’ کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کیا تھا۔ رانا جوڑے کے اس اعلان کے بعد صبح سے ہی شیوسینک بڑی تعداد میں ان کے گھر کے باہر جمع ہو گئے۔ شیو سینکوں نے رانا جوڑے پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔ پولس میں درج کرائی گئی شکایت میں شیوسینکوں نے کہاہے کہ ماتوشری ان کے لیے ایک مندر کی طرح ہے۔ راناجوڑے نے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
