کئی ریاستوں کے وزرائے صحت ڈبلیو ایچ او پر برہم;  کورونا سے اموات کی رپورٹ کو بتایا بے بنیاد ؛ ملک کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔صحت اور خاندانی بہبود کی سنٹرل کونسل کی 14ویں کانفرنس میں شریک مختلف ریاستوں کے وزرائے صحت نے ہندوستان میں کووڈ سے متعلق 47 لاکھ اموات کا تخمینہ لگانے کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد ہے اوراس کا مقصد ملک کی شبیہ کو خراب کرنا ہے۔ بیماری کی وجہ سے ہونے والی تمام اموات کو قانونی عمل کے بعد شفافیت کے ساتھ منظم طریقے سے رجسٹر کیا گیا۔جمعہ کو ہونے والی کانفرنس میں ڈبلیو ایچ او کے ہندوستان میں کووڈ سے ہونے والی اموات کے تخمینے پر سخت اعتراض کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی۔ اس میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کا تخمینہ ہندوستان کے لیے ناقابل قبول ہے اور عالمی ادارہ صحت کے ذریعہ اپنایا گیا طریقہ غلط تھا۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی اعلیٰ مشاورتی باڈی سی سی ایچ ایف ڈبلیو کی تین روزہ کانفرنس جمعرات کو گجرات کے کیواڈیا میں شروع ہوئی۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے اس کی صدارت کی۔کرناٹک کے وزیر صحت کے سدھاکر نے موت کے اس تخمینے پر پہنچنے کے لیے ڈبلیو ایچ او کے اختیار کردہ طریقہ پر سوال اٹھایا، اور الزام لگایا کہ یہ ہندوستان کی شبیہ کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔