19 لاکھ ای وی ایم غائب ہونے کا معاملہ:کانگریس نے کیا سپریم کورٹ کے جج سے جانچ کا مطالبہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ایچ کے پاٹل نے 2750 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز بھی پیش کی ہے، جس میں آر ٹی آئی کے ذریعے الیکشن کمیشن، ای وی ایم بنانے والوں کے جوابات شامل ہیں، جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کمپنیوں نے جو مشینیں بنائی ہیں اور الیکشن کمیشن کے حوالے کی ہیں، ان میں سے تقریباً 19 لاکھ مشینیں غائب ہیں۔ کوئی نہیں جانتا نہیں ملک میں انتخابات میں استعمال ہونے والی تقریباً 19 لاکھ ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں) غائب ہیں۔ یہ انکشاف کانگریس کے سینئر لیڈر اور کرناٹک کے ایم ایل اے ایچ کے پاٹل نے کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر ویشویشور ہیگڈے کاگیری سے ملاقات کی اور اس معاملے کی سپریم کورٹ کے جج سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ایچ کے پاٹل نے اسپیکر کو 2750 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز بھی پیش کی ہے جس میں الیکشن کمیشن، ای وی ایم بنانے والی کمپنیوں سے آر ٹی آئی کے ذریعے حاصل کردہ جوابات شامل ہیں۔ ان دستاویزات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ای وی ایم بنانے والی کمپنیوں نے جتنی مشینیں بنائی ہیں اور الیکشن کمیشن کو سونپی ہیں ان میں سے تقریباً 19 لاکھ مشینوں کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ اس معاملے میں عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا گیا ہے۔اسپیکر سے ملاقات کے بعد، ایچ کے پاٹل نے بنگلورو میں ایک پریس کانفرنس بھی کی۔ انہوں نے کہا ”مرکزی حکومت کو سپریم کورٹ کے موجودہ جج کے ذریعہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانی چاہئے اور الیکشن کمیشن کو کرناٹک اسمبلی کے سامنے حاضر ہونے اور اس معاملے کی وضاحت کرنے کیلئے طلب کرنا چاہئے”۔پاٹل نے تمام دستاویزات میڈیا کو بھی جاری کیں۔ ان دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تسلیم کیا ہے کہ بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) کی طرف سے ریاستوں کو بھیجی گئی 964270 مشینیں گزشتہ 15 سالوں کے دوران موصول نہیں ہوئیں۔ اسی طرح، کمیشن نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیاکے ذریعہ فراہم کردہ 929992 EVM بھی اسے واپس نہیں کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ای ایل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 2014-15 کے دوران 62183 مشینیں فراہم کی تھیں، ان کے ٹھکانے بھی معلوم نہیں ہیں۔ایچ کے پاٹل نے مارچ 2022 میں اسمبلی میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ پچھلے سالوں میں 19 لاکھ ای وی ایم غائب ہوچکے ہیں۔ اسمبلی کے اسپیکر نے ایچ کے پاٹل کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے میں الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کرینگے، لیکن انہوں نے پاٹل سے کہا تھا کہ وہ ان دعوؤں پر دستاویزات پیش کریں، جو پاٹل نے اسپیکر کو پیش کیں۔اسمبلی میں بحث کے دوران، پاٹل نے بی ای ایل کے ذریعہ دیے گئے آر ٹی آئی جوابات کا حوالہ دیا تھا کہ بی ای ایل کے ذریعہ تیار کردہ 964270 مشینیں غائب ہیں اور واپس نہیں کی گئیں۔ اسی طرح، ECIN نے یہ بھی کہا تھا کہ 929992 EVM مشینیں غائب ہیں۔ایچ کے پاٹل نے پریس کانفرنس میں کہا ”ای وی ایم مشینوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیجنے اور پرانی اور فرسودہ مشینوں کو تباہ کرنے کے عمل میں بہت سی خامیاں ہیں۔ اس معاملے میں غیر معتبر عمل اور واضح جوابدہی کی کمی کی وجہ سے پورا انتخابی عمل سوالیہ نشان پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا ذمہ دار ہے اسے یہ فیصلہ کرنے میں 12 سال کا طویل وقت لگے گا کہ1989-90 بیچ کی مشینوں کا کیا کرنا ہے اور ماہرین کی کمیٹی بنانے کی سفارش کی گئی۔پاٹل نے دعویٰ کیا کہ آر ٹی آئی کا جواب دینے کے قواعد میں رضاکارانہ طور پر ہیرا پھیری کی گئی ہے تاکہ یہ سامنے رکھا جا سکے کہ فرسودہ مشینوں کو تباہ کر دیا گیا ہو گا۔ ای وی ایم بنانے والی کمپنیوں نے الیکشن کمیشن کو واضح ہدایات دی ہیں کہ یہ مشینیں 15 سال تک چل سکتی ہیں اور اس کے بعد ان مشینوں کو انتخابات میں استعمال نہیں کرنا چاہیے اور انہیں تلف کر دینا چاہیے۔ایک طرف الیکشن کمیشن نے ایکسپرٹ پینل کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا تو جولائی 2018 میں اچانک اس حوالے سے رولز بنا دیے گئے۔ آر ٹی آئی کے جوابات سے بھی یہ بات سامنے آئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس نے 1989 بیچ کی مشینوں کو تباہ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پاٹل نے اس پر سوال کیا ”ایسی صورتحال میں ایک سوال یہ ہے کہ 1989 میں کیا قواعد تھے اور 2006 تک کن اصولوں پر عمل کیا جا رہا تھا کیونکہ نئے قواعد 2018 میں بنائے گئے تھے۔”اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ کمیشن کے 2021 میں شائع ہونے والے دستور العمل میں ای وی ایم کو تباہ کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں کوئی باب نہیں ہے۔ اسکے بجائے، کتابچہ میں ‘لوسٹ اینڈ فاؤنڈ’ کے عنوان سے ایک باب شامل کیا گیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ای وی ایمز غائب ہو گئی ہیں۔