ساگر:۔پی ایس آئی تقرری کے دوران گھوٹالے کی مذمت کرتے ہوئے ،دوبارہ امتحان لینےکے احکامات کو واپس لینے ،آرمی کی تقرری کے سلسلے میں زیر التواء تحریری امتحان کوفوراً منعقد کرنے کا دبائوڈالتے ہوئے آج تعلقے کے کسان تنظیمیں اور ملناڈسولجر کوچنگ سنٹر سمیت مختلف تنظیموں کے اشتراک سےسب ڈویژنل دفتر کو یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئےکسان اسوسیشن کے تعلقہ صدر دنیش سروال نے کہا کہ پی ایس آئی بھرتی کے دوران ہونے والے اسکینڈل نےاہل امیدوار کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ مستقبل میں سرکاری ملازمتوں کے خواب دیکھنے والے بے روزگار گریجویٹس کی امیدوں پر حکومت نےپانی پھیردیا ہے۔کسی ایک کی غلطی کا خمیازہ حکومت تمام کادوبارہ امتحان لیتے ہوئے بھگتنے پر مجبور کررہی ہے۔ یہ کسی بھی نظریہ سے درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصورواروں کو سزا دو لیکن ایمانداروں کو ملازمت کیلئے انتخاب کرنے پر زوردیا گیا۔مزید کہاکہ ریاست میں کے اے ایس امتحان کو منعقد ہوئےڈیڑھ سال کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن اسکے باوجود ابھی تک کوئی انٹرویو نہیں ہوا ہے۔ اس سے نہ صرف امیدواروں کو مایوسی ہوتی ہےبلکہ عمر سے متعلق پریشانی کا سامنا بھی کرناپڑتاہے۔ایس ڈی اے امتحان ہوئے ایک سال ہوچکا ہے لیکن ابھی تک دستاویزات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ پولیس بھرتیوں کی عمر کو28 سے بڑھا کر 32 سال کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالاجارہاہے لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان تمام مطالبات کو پورانہیں کیا تو آنے والے دنوں میں شدید احتجاج کرناضروری ہو جائیگا۔اس موقع پرکسان تنظیم کے کنوینر رمیش دھونی ، سورج،گنپتی اپا، سریش ، سبھاش چندر تیجسوی موجود تھے۔
