گیانواپی کیس کی سماعت مکمل: عدالت آج سنائیگی فیصلہ

سلائیڈر نیشنل نیوز
 وارانسی:۔گیانواپی کیس کی سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ بدھ کو سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ کل یعنی جمعرات کو دوپہر 12 بجے فیصلہ سنادیا جائے گا۔ سروے کی نئی تاریخ اور کورٹ کمشنر کی تبدیلی کے مطالبے پر بھی فیصلہ کل آئے گا۔ دونوں فریقوں کے وکلا نے گیانواپی میں واقع شرینگر گوری اور دیگر دیوتاؤں کا سروے کرانے اور ایڈوکیٹ کمشنر کو ہٹانے کے معاملہ میں عدالت میں دلائل پیش کئے۔سول جج سینئر ڈیویژن روی کمار دیواکر کی عدالت میں مسلم فریق کی طرف سے دائر جوابی اعتراض میں انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ سروے کے ذریعہ شواہد جمع نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی جانب سے پانچ وکلا ہیں جبکہ سروے میں صرف دو وکلا کو داخلے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ شرنگر گوری اور گیانواپی مسجد الگ الگ ہیں۔ ایسے میں مسجد کے اندر ویڈیو گرافی کا کوئی جواز نہیں۔ اس درخواست پر مدعیوں نے اپوزیشن جماعتوں پر عدالت کے کام میں رکاوٹ ڈالنے اور ضلعی انتظامیہ پر عدالت کے حکم کی تعمیل میں دلچسپی نہ لینے کا الزام لگایا۔قبل ازیں منگل کی سہ پہر شروع ہونے والی عدالت کی کارروائی میں مدعی کے اعتراض کے جوابی اعتراض میں انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے کہا کہ مدعی کے تمام بیانات اور دلائل بے بنیاد، بے معنی اور خلاف قانون ہیں ۔ کمیشن کی کارروائی میں اراضی نمبر 9130 کا ذکر ہے، لیکن اس میں رقبہ، موضع، چوہڑی کا ذکر نہیں ہے۔یہ بھی کہا کہ مدعی میں اراضی کے ساتھ پانچ کوس اراضی اور آدی وشویشور مورتی کا بیان ہے، ایسی صورت میں کمیشن کی کارروائی کہاں تک چلے گی، یہ نہیں بتایا گیا ہے۔