بنگلورو:۔کرناٹک کے پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کے وزیر بی سی ناگیش نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بانی کیشو بلیرام ہیڈگیوار کی 10ویں جماعت کی نصابی کتابوں میں تقریر کو شامل کرنے کے اقدام کا دفاع کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حکومت کے اس اقدام پر کئی تنظیموں نے اعتراض کیا ہے۔ناگیش نے کہا کہ نصابی کتاب میں ہیڈگیوار یا سنگھ کے بارے میں کوئی مواد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ہیڈگیوار کی تقریر کو شامل کیا گیا ہے تاکہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو ترغیب مل سکے۔وزیر نے کہا کہ جو لوگ اعتراضات کر رہے ہیں انہوں نے نصابی کتاب کا مطالعہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا، ’’کچھ لوگ ہر چیز پر اعتراض کرنا چاہتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ وہ کہہ رہے ہیں وہی سچ ہے۔ اس تقریر میں ہیڈگیوار نے کہا تھا کہ کسی کو نظریہ، اقدار اور اصولوں کو اپنی تحریک کے طور پر لینا ہوگا۔ انہوں نے معاشرے اور قوم کی اہمیت پر بات کی ہے، اس میں غلط کیا ہے۔
