دہلی:۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے چند دنوں میں ملک کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں چلچلاتی گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ مانسون ملک کے جنوب مغربی علاقے، خلیج بنگال اور انڈمان کے سمندری علاقوں میں 2 سے 3 دنوں میں پہنچ سکتا ہے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے تازہ ترین پیشین گوئی میں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، میزورم، تریپورہ اور مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اڑیسہ کے گنگا کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو نے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ کیرالہ، ساحلی علاقے اور کرناٹک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔دوسری طرف پیر کو شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں پارہ 42.4 ڈگری سیلسس تک پہنچ گیا ہے۔ اتوار دہلی میں سال کا گرم ترین دن تھا۔آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 28 ڈگری سیلسیس اور 43 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا تھا کہ بدھ کو درجہ حرارت دوبارہ بڑھنا شروع ہو جائے گا اور جمعہ کو یہ 45 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
