چھوٹا راجن کی موت کی خبر نکلی افواہ: ایمس نے دی وضاحت

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی :۔کورونا متاثر انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کی موت کی خبر کچھ دیر پہلے ہر طرف تیزی کے ساتھ پھیل گئی، لیکن اب پتہ چلا ہے کہ یہ خبر جھوٹی تھی۔ چھوٹا راجن کی موت کی خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے دہلی کے ایمس اسپتال نے خبر رساں ادارہ ’اے این آئی‘ سے کہا کہ ’’وہ زندہ ہے اور اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔‘‘ ایمس نے یہ بھی جانکاری دی کہ چھوٹا راجن کورونا سے متاثر ہے اور اس کے لیے علاج جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چھوٹا راجن کا کورونا سے انتقال ہو گیا ہے۔ کورونا متاثر ہونے کے بعد 62 سالہ چھوٹا راجن کو گزشتہ 25 اپریل کو تہاڑ جیل سے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ اب جب کہ ایمس نے واضح کر دیا ہے کہ چھوٹا راجن کے انتقال کی خبر جھوٹی ہے اور وہ زندہ ہے، تو لوگوں کے درمیان چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ اگر چھوٹا راجن زندہ ہے تو اس کی موت کی خبر کس طرح پھیل گئی۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ شہاب الدین کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی معاملہ سامنے آیا تھا۔خیال رہے کہ راجن کو 2015 میں انڈونیشیا کے بالی سے حوالگی کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں قید تھا۔ممبئی میں اس کے خلاف درج تمام مقدمات سی بی آئی کو منتقل کر دیے گئے ہیں اور اس کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئے ایک خصوصی عدالت قائم کی گئی تھی۔ چھوٹا راجن کے خلاف دو درجن سے زیادہ معاملے چل رہے تھے، جن میں سے تقریباً 4 معاملوں میں اسے عدالت سے سزا سنائی جا چکی ہے۔ اب چھوڑا راجن جن معاملوں میں ملزم ہے وہ تمام معاملے سی بی آئی کورٹ کو اطلاع دئے جانے کے بعد بند کر دئے جائیں گے۔۔