شیموگہ :ملازمت کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ زندگی کیلئے مہارتوں اورہنر کا ہونا بھی بہت قیمتی ہوتا ہے۔ ہرکسی کو اس بات کی آگاہی ہونا ضروری ہے۔اس بات کا اظہار شیموگہ ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسرقلندر خان نے کیا ہے۔انہوں نے آج ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ جاب ایکسچینج سنٹر میں منعقدہ روزگار میلے کا افتتاح کرنے کے بعدکہا کہ ملازمت کیلئے تعلیم کا ہونا کافی نہیں ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ عام معلومات، لائف اسکلس، مہارت اور وقت کی اہمیت کا ہونا بھی ضروری ہے۔کرناٹکا حکومت نے، ٹیکسٹائل ٹریننگ سنٹر کے اشتراک سے نجی کمپنیوں میںضلع کے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے پیش نظر اس میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس روزگار میلے میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے روزگار، ہنر کی ترقی، اپرنٹس شپ اور خود روزگار کی اسکیموں کے بارے میں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مختلف کمپنیوں اور ڈسٹرکٹ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون سے اس طرح کے میلوں کا زیادہ سے زیادہ انعقاد کیا جائے گا۔اس میلےمیں شرکت کرنے والےڈسٹرکٹ کمریشل اینڈ انڈسٹریل اسوسیشن کے سکریٹری جی وجئے کمار اور ڈائریکٹر گنیش انگڑی نے صنعتوں میں روزگار کے مواقع کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک طالب العلم میں چاہئے تعلیم کی جتنی بھی خوبیاں ہوں ، ملازمت کے معاملے میں ایک نہ ایک خامی ضرور محسوس ہوتی ہے۔ اسی خامی کو پرکرنے کیلئے تعلیم کی مناسبت سے بہترین ملازمت دلانے کیلئے اسطرح کے روزگارمیلے کافی مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسطرح کے روزگارمیلے دیہی علاقوں میں منظم کیا جانا چاہئے۔تاکہ دیہی نوجوان بھی خود مختار ہوسکے ۔ اس میلے میں ضلعی نجی کمپنیوں نے حصہ لیا اور ملازمین کا انتخاب کیا۔ اس میلے کے ذریعہ 400 سے زائد روزگار کے متلاشیوں نے حصہ لیا ہے۔
