کولکاتہ:۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی پر حملہ آور ہیں۔ آج انہوں نے ایک بار پھر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ6 ماہ سے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی اقتدار پر قابض ہونے کے لیے ہر روز وزراء بنگال آتے تھے۔مغربی بنگال کی سی ایم ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ بنگال میں ریڑھ ہے اور یہ کبھی نہیں جھکتی ہے۔ ایک سازش تھی ، تمام مرکزی وزرا ء یہاں آئے۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے طیاروں اور ہوٹلوں پر کتنے کروڑ خرچ کیے۔ پیسہ یہاں پانی کی طرح بہا رہے تھے۔ ممتا نے کہا کہ بنگال کے خلاف اتنا امتیاز کیوں ہے؟ اپنے جارحانہ انداز کو جاری رکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ سب کی ویکسین دینا مرکز کی اولین ترجیح ہونی چاہئے تھی ، لیکن وہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس ، وزیر اعظم کی رہائش گاہ وغیرہ پر 50000 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہیں۔
