شیموگہ:۔رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا نے قومی تہوار کی توہین کی تھی جس کی مذمت میں 3جون کو عام آدمی پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ اس بات کی اطلاع اے اے پی کے ضلعی کنوینئر منوہر گوڑا نے کیا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا نے زعفرانی پرچم کو بھارتیہ پرچم بنانےکے اپنے ارادوں کو ظاہر کیا تھا جو کہ ہندوستانی آئین کی توہین اور قومی پرچم کی کھلے عام توہین ہے۔ اسکی مذمت میں اے اے پی پارٹی نے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن اسمبلی کے خلاف نہ صرف احتجاجی ریالی نکالی جائیگی بلکہ ضلعی ایس پی سے کے ایس ایشورپا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کامطالبہ کیا جائیگا اور مقدمہ درج کیا جائیگا۔ انہوںنے بتایا کہ 3 جون کی صبح 11 بجے شہر کے پرائیوٹ بس اسٹانڈسے احتجاجی ریالی کا آغازکیا جائیگا اور ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ کر احتجاج ہوگا۔ اس ریالی میں آپ پارٹی کے ریاستی کنوینئر پرتھوی ریڈی، ریاستی رہنماء درشن جین، وجئے شرما، بھاسکررائو، گوپال سمیت مقامی لیڈران حصہ لیںگے۔ مزید بتایا کہ ایشورپا چونکہ ہمیشہ سے ہی امن کو خراب کرنے والے تقاریر کرتے آئے ہیں، بدعنوانی میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے اپنا وزیر کا عہدہ بھی کھودیا ہے۔ دراصل انہیں اپنی دولت پر گھمنڈ ہے جس کی وجہ سے یہ سمجھتے ہیں کہ وہ جو بھی کہیں گے اس سے کسی کو کچھ فرق نہیں پڑیگا۔ لیکن انہوں نے قومی پرچم کی توہین کی ہے جس کی وجہ سے انہیں سزا ملنی چاہئے انہیں گرفتار کیا جاناچاہئے۔ پریس کانفرنس میں پارٹی کے رہنماء ایلوملئی (کیبل بابو) تلقین احمد، کرن، ہریش، امرت وغیرہ موجودتھے۔
