کارکلا : شرپسندوں نے سڑک کا نام رکھا ناتھو رام گوڈسے روڈ ، پنچایت افسران نے ہٹایا متنازع بورڈ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
اُڈپی:۔ ضلع اُڈپی کے کارکلا تعلقہ کے بولاگرام پنچایت میں کچھ نامعلوم شرپسندوں نے نئی تعمیر شدہ کانکریٹ سڑک کو مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے نام سے منسوب کرتے ہوئے وہاں پر ایک بورڈ نصب کردیا ۔ اس پر یوتھ کانگریس کے اراکین اور دیگر مقامی لوگوں نے سخت اعتراض جتایا جس کے بعد پنچایت کے افسران نے  اس بورڈ کو وہاں سے ہٹا دیا ۔کارکلا کے ایم ایل اے اور وزیر سنیل کمار نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بورڈ پنچایت کی طرف سے نہیں لگایا گیا ہے ۔ کچھ لوگوں نے نجی طور پر یہ کام کیا ہے ۔اس سلسلے میں پنچایت والے جائزہ لینے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائینگے ۔اڈپی ضلع پنچایت کے سی ای او ایچ پرسنّا نے بتایا کہ سڑک کا نام گوڈسے روڈ رکھنے کے سلسلے میں بولا گرفام پنچایت کی طرف سے نہ کبھی کوئی تجویز سامنے آئی ہے اور نہ اس پر کبھی غور ہوا ہے ۔ اور نہ ایسا کرنے کی کسی کو ہدایت دی گئی ہے ۔ کچھ شرپسندوں نے امن وامان بگاڑنے کی نیت سے یہ حرکت کی ہے ۔ پنچایت افسران نے فوری اقدام کرتے ہوئے وہ بورڈ وہاں سے ہٹا دیا ہے ۔ آئندہ اس قسم  کی حرکت نہ ہو اسلئے ایسا کام کرنے والے اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کا پتہ لگا کر ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کارکلا دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔