منگلورو : ملالی مسجد تنازع کی اگلی سماعت  9 جون کیلئے ملتوی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
منگلورو:۔ملالی مسجد کے تعلق سے سول کورٹ میں جاری سماعت کل 6 جون کو ذرا سی بحث کے بعد اب 9 جون کے لئے ملتوی کی گئی ہے ۔خیال رہے کہ ہندو فریقین کی طرف سے ملالی کی جمعہ مسجد میں پرانے مندر کے باقیات نظر آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے معاملہ عدالت میں لے جانے کے بعد مقامی سول عدالت نے اس مقام کو جوں کی توں حالت میں برقرار رکھنے کا حکم جاری کرتے ہوئے یہاں کسی کے بھی داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ۔کل کی سماعت کے دوران مسجد کمیٹی کے وکیلوں نے عدالت کے سامنے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ مسجد اور زمین وقف بورڈ کی ملکیت ہے اس لئے اس کے تعلق سے تنازعہ پر سول عدالت کو سماعت اور فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے ، بلکہ اس پر اگر کوئی دعویٰ ہے تو اسے وقف ٹریبونل میں پیش کیا جانا چاہیے ۔ اس لئے عدالت سے مانگ کی گئی کہ وشوا ہندو پریشد کی درخواست خارج کرتے ہوئے مسجد کمیٹی کو مسجد کی تعمیر نو اور تجدید کی اجازت دی جائے ۔مسجد کمیٹی کے وکیلوں نے اپنی موقف کی حمایت میں وقف بورڈ قوانین  ، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر مبنی کے اہم کاغذات عدالت میں پیش کیے ۔وشوا ہندو پریشد کے وکیل چیدا نندا کیدی لائی نے اس پر اپنی بات رکھنے کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی تو اس معاملہ کو سماعت کو  9 جون تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔