’اسلام زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے والے مدثر کے سرپر ماری گئی گولی،ساحل بھی جاں بحق

سلائیڈر نیشنل نیوز
یوپی میں مسلمانوں پر کریک ڈائون; کانپوراور سہانپور میں گھروں پر بلڈوزر، گینگسٹر ایکٹ تحت کارروائی، ۲۲۷؍ گرفتار; تھانے میں مسلم نوجوانوں پر پولس کی بے تحاشہ پٹائی کا ویڈیو وائرل; بنگال میں پھر تشدد ،پتھراؤ،آنسو گیس،انٹرنیٹ بند،ئ رانچی چھائونی میں تبدیل، دفعہ ۱۴۴ نافذ، حالات کشیدہ، جامع مسجد دہلی کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی: پولیس
ممبئی:۔ کل جھارکھنڈ کے صدر مقام رانچی میں عاشقان رسولﷺ پر پولس کریک ڈائون اور گولی باری کے نتیجے میں جہاں دو نوجوان شہید ہوئے ہیں وہیں متعدد زخمی ہوئے ہیں اور سارے رانچی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاگیا ہے۔ ادھر یوپی میں یوگی حکومت نے پھر قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ان مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلوائے ہیں جو گستاخ نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ آج مغربی بنگال میں دوسرے دن بھی احتجاج جاری رہا، یہاں ہائوڑہ کے پانجلا بازار میں پولس اور مظاہرین میں تصادم کی خبریں ہیں ، پولس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے آنسو گیس کے گولے داغے ہیں، یہاں انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ جامع مسجد دہلی کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف پولس نے قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ مغربی بنگال سے موصولہ خبروں کے مطابق مغربی بنگال میں شان رسالت میں گستاخی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ہائوڑہ کے پانچلا بازار میں پولیس اور مظاہرین کے ایک گروپ کے درمیان تازہ جھڑپ ہوئی ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے استعمال کیے، جس کے بعد پتھراؤ شروع ہو گیا۔یہاں ۱۵؍ جون تک دفعہ ۱۴۴ کو بڑھا دیاگیا ہے۔ جمعہ سے لے کر اب تک پولس نے ۷۰ سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ادھر بی جے پی بنگال صدر سکانت مزومدار کو آج پولس نے گرفتار کرلیا ہے، انہیں اس وقت گرفتار کیاگیا جب وہ ہائوڑہ میں تشدد کی جگہ جارہے تھے، بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال میں گزشتہ دو دنوں سے جاری تشدد کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا،’جیسا کہ میں پہلے کہہ چکی ہوں کہ گزشتہ دو دنوں سے ہاوڑہ میں پرتشدد واقعات ہو رہے ہیں۔ اس کے پیچھے کچھ سیاسی جماعتیں ہیں اور وہ فسادات کروانا چاہتی ہیں۔ لیکن ان کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان سب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بی جے پی کا گناہ ملک کے عوام کیوں بھگتیں؟جھارکھنڈ کے رانچی میں گزشتہ روز ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں اب تک دو افراد کی موت کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ کل کے احتجاج کے ایک پانچ سکینڈ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مدثرنامی لڑکا ’اسلام زندہ باد‘ کا نعرہ جیسے ہی لگاتا ہے ، پولس کی گولی اس کے سر میں لگتی ہے اور وہ وہیں گر پڑتا ہے جسے بعد میں اسپتال پہنچایاجاتا ہے لیکن وہاں اس کی موت واوقع ہوجاتی ہے۔ جمعہ کو ہونے والے تشدد میں ابھی تک دو نوجوان کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس میں ایک اسلام زندہ باد کا نعرہ لگانے والا مدثر (۲۳) اور ساحل (۲۴) شامل ہے۔ ۲۵ سے زیادہ یہاں زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیو ںکا علاج مقامی اسپتال میں جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ رانچی ضلع انتظامیہ نے سنیچر کو بتایاکہ یہاں فی الحال ۱۲ تھانوں میں سی آر پی سی کی دفعہ ۱۴۴ نافذ ہے، حالات قابو میں ہے اور اس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ سیکوریٹی فورسیز کی بڑی تعداد میں تعیناتی کی گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کے ذریعہ تحقیقات کی جارہی ہے اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔ اتر پردیش میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہروں کے دوران تشدد اور بدامنی کے بعد پولیس کا کریک ڈائون شروع ہوگیا ہے۔ یوپی پولس نے اترپردیش کے کئی شہروں سے گرفتاریاں کی ہیں اور اب تک ۲۲۷لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔سنیچرکو پولس اور انتظامیہ کی ٹیم نے احتجاجیوں کے گھر بلڈوزر لے کر پہنچی، ان کے گھر کے تجاوزات کو گرایاگیا۔ ملزمین کے نام عبدالباقر اور مزمل بتائے جارہے ہیں۔ عبدالباقر کھتہ کھیری اور مزمل حبیب گڑھ علاقے میں رہتا ہے۔ جمعہ کو سہارنپور تشدد معاملے میں دونوں کو ملزم بنایاگیا ہے، دونوں فی الحال جیل میں بند ہیں ۔ادھر ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے سہارنپور پولس تھانے کا بتایاجارہا ہے۔ اس ویڈیو میں پولس مسلم نوجوانوں پر بے تحاشہ لاٹھی برسا رہی ہے۔ اس ویڈیو کو معروف وکیل پرشانت بھوشن نے اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا ہے کہ اس میں جو خاکی وردی پوش مجرم ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔