27 سال بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر مکمل طور پر ختم

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
نیویارک:۔دنیا کی مقبول ترین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے انٹرنیٹ کی پہچان بننے والے دنیا کے پرانے اور مقبول ترین براؤز  انٹرنیٹ ایکسپلورر کو باضابطہ طور پر بند کردیا۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر 15 جون کے بعد دستیاب نہیں ہو گا۔ مائیکرو سافٹ نے ابتدائی طور پر 27 سال قبل 1995 میں انٹرنیٹ ایکسپلورر براؤزر کو متعارف کرایا تھا اور اس وقت وہی اکیلا براؤزر تھا۔انٹرنیٹ ایکسپلورر کئی سال تک انٹرنیٹ کی پہچان بنا رہا تاہم 2004 میں موزیلا فاؤنڈیشن نے اس کے ٹکر میں فائر فوکس کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا۔اگرچہ فائر فوکس براؤزر 2002 میں ہی بن چکا تھا تاہم اسے عام صارفین کے لیے 2004 میں متعارف کرایا گیا۔ فائر فوکس کے بعد گوگل نے 2008 میں گوگل کروم براؤزر کو متعارف کراکر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔فائر فوکس اور گوگل کروم کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کو لوگ تقریبا بھول ہی گئے تھے ،تاہم مائیکرو سافٹ نے نئے براؤزر ایج کو گوگل کروم جیسا بنا کر اس حوالے سے اپنی بادشاہی واپس لینے کی کوشش کی لیکن اس کی کوششیں ناکام رہیں۔انٹرنیٹ ایکسپلورر تمام ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں ڈیفالٹ براؤزر کے طور پر کام کرتا تھا، تاہم کمپنی نے 2020 میں اسے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔لیکن اب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ  انٹرنیٹ ایکسپلورر ونڈوز 10 اور ونڈوز الیون کے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگا اور 15 جون کے بعد براؤزر کسی بھی ڈیسک ٹاپ پر موجود نہیں ہوگا۔مائیکرو سافٹ نے 4 سال قبل 2016 میں ہی صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر سے جان چھڑانے کا مشورہ دے کر عندیہ دیا تھا کہ ممکنہ طور پر کمپنی مذکورہ براؤزر کو بند کر دے گی۔کمپنی نے 2016 سے ہی انٹرنیٹ ایکسپلورر کے پرانے ورژن کی سپورٹ ختم کردی تھی تاہم ویب براؤز کے نئے 2013 میں متعارف کرائے گئے گیارہویں ورژن کو سپورٹ فراہم کی جا رہی تھی۔مائیکرو سافٹ نے گزشتہ چند سال میں متعدد بار اپنے صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کی خامیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز میں اپنے نئے براؤزر مائیکرو سافٹ ایج استعمال کرنے کی تجویز دی۔