ملک میں کورونا وائرس نے توڑے سارے ریکارڈ  ایک دن میںایک لاکھ سے زیادہ نئے معاملات

نیشنل نیوز
 دہلی :۔ ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملات نے گزشتہ سال کے سبھی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 103558 نئے معاملات سامنے آئے ہیں ، جو کہ اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے ۔ ہندوستان اب امریکہ کے بعد دوسرا ایسا ملک بن گیا ہے ، جہاں پر کورونا کے ایک دن میں ایک لاکھ سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ اس دوران 478 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ملک میں اس سے پہلے کورونا کے سب سے زیادہ معاملات 17 ستمبر کو آئے تھے ۔ اس وقت ایک دن میں کورونا کے 98795 معاملات درج کئے گئے تھے ۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آٹھ لاکھ 93 ہزار 749 لوگوں کی کورونا جانچ کی گئی ، جن میں سے ایک لاکھ تین ہزار 558 لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے جبکہ 478 لوگوں کی موت ہوگئی ۔ وہیں اس دوران 52 ہزار 847 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شروعات 52 دن پہلے ہوئی تھی ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال کورونا زیادہ خطرناک نظر آرہا ہے ۔ کورونا کی سنگین صورتحال کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال کورونا کی رفتار سات گنا زیادہ ہے ۔ وہیں کورونا سے ہونے والی اموات کے ہفتہ وار اعداد شمار میں بھی تقریبا 59 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں ایکٹیو کیسزکی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29344 سے بڑھ کر 431896 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 27508 مزید مریض شفایاب ہوئے ہیں ، جس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 2522823 ، جبکہ مزید 222 مریضوں کی موت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 55878 ہوچکی ہے۔