عوام پر مہنگائی کی مار، کھانے پینے کی اشیاء اور علاج ہوا آج سے مہنگا

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔مہنگائی کی مار جھیل رہے عوام کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ آج سے کئی چیزوں پر جی ایس ٹی ادا کرنا پڑے گا۔ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے بعد حکومت نے کئی مصنوعات اور خدمات پر ٹیکس کی شرحوں میں تبدیلی کی ہے، جس کی وجہ سے آج سے کئی اشیا پر مزید جی ایس ٹی ادا کرنا پڑے گا۔ اس میں وہ سامان بھی شامل ہے جن پر پہلے جی ایس ٹی نہیں تھا۔جی ایس ٹی کونسل کے فیصلے کے نفاذ کے بعد آج سے کھانے پینے کی کئی اشیاء مہنگی ہو جائیں گی۔ ان میں پہلے سے پیک شدہ اور لیبل شدہ کھانے جیسے آٹا، پنیر اور دہی شامل ہیں۔ اب ان پر 5 فی صد جی ایس ٹی ادا کرنا پڑے گا۔ اسی طرح 5000 روپے سے زیادہ کرایہ لینے والے اسپتال کے کمروں پر بھی جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ 1000 روپے یومیہ سے کم کرایہ والے ہوٹل کے کمروں پر 12 فیصد کی شرح لاگو ہے۔پرنٹنگ/ڈرائنگ انک، تیز چاقو، کاغذ کاٹنے والے چاقو اور ‘پنسل شاپنرز، ایل ای ڈی لیمپ، ڈرائنگ اور مارکنگ مصنوعات پر ٹیکس کی شرح بڑھا کر 18 فیصد کر دی گئی ہے۔ سولر واٹر ہیٹر پر اب 12 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔ جبکہ پہلے 5 فیصد ٹیکس لگایا جاتا تھا۔ سڑکوں، پلوں، ریلوے، میٹرو، ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس اور شمشان گھاٹوں کے کام کے معاہدوں پر اب تک 12 فیصد کے مقابلے 18 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔ تاہم، کھلے میں فروخت ہونے والی غیر برانڈڈ مصنوعات پر جی ایس ٹی کی چھوٹ جاری رہے گی۔روزمرہ کی استعمال ہونے والی 10 چیزوں پر5فیصد جی ایس ٹی اداکرنا ہوگاجس میں دہی، لسی اور چھاچھ ،پنیر ،تمام قسم کے گڑ ،کھانڈ،قدرتی شہد ،مرمرے، چوڈا ،باریک مرمرے ،چاول، گندم، رائی، جو ،آٹا ،ناریل پانی شامل ہیں۔