چکمگلورو:۔مرکزی حکومت نے روزمرہ کی اشیاء پر جی ایس ٹی لگاتے ہوئے عام لوگوں کا جینا محال کردیاہے اور غریبوں کی زندگی کو پیچیدہ بنادیاہے،اگر ملک میں مودی پھر اقتدار میں آتے ہیں تو ملک کی حالت سری لنکا جیسی ہوجائیگی اور بھارت کے لوگ سڑکوں پر اترکر آئینگے ،یہ بات طئے ہے ۔ یہ بات سابق ریاستی وزیر کیمانے رتناکرنے کی ہے ۔ انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بی جے پی کااقتدارمیں رہنا صرف اس وجہ سے ہےکہ یہ پارٹی ذات پات اور مذہب کی بنیاد سیاست کررہی ہے،جب سے ملک میں بی جے پی اقتدارمیں آئی ہے تب سے لیکر اب تک بھارت میں فرقہ وارانہ فسادات عروج پرہیں، امراء اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی تائید میں قانون بنائے جارہے ہیں ، کسانوں اور مزدوروں کے خلاف قانون بن رہے ہیں ،بی جے پی کی حکومت کی وجہ سے بھارت اقتصادی بحران کی طرف گامزن ہے،اگر یہی حال رہا تو بھارت بھی سری لنکاکی طرح معاشی طو رپر دلوالیہ بن جائیگا ۔ ریاستی اور مرکزی حکومت نے عام لوگوں کا جینا مشکل کردیاہے،غریبوں کے استعمال میں آنے والے دہی ، مرمرے جیسی چیزوں پر بھی جی ایس ٹی نافذکیا گیا ہے ۔ مودی حکومت میں ہوا کو چھوڑکر ہر چیز پر ٹیکس لگایاجارہاہے ،اسی حکومت نے ڈالر کے سامنے روپئے کی قیمت کوگھٹا دیا ہے، بےروزگاری، بھوک مری اور غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے،اس کے خلاف اگر کوئی بات کرتاہے تو اُس پر لگام کسی جارہی ہے ۔ مذہب،ذات اور دھرم کے نام پر فرقہ وارانہ فسادات پھیلائے جارہے ہیں ۔ مذہبوں کے درمیان نفرت پھیلائی جارہی ہے،پوری طرح سے بھارت کے لوگ امن سے نہیں ہیں۔
